کانگریس لیڈر اب گجرات ہائیکورٹ سے رجوع ہوسکتے ہیں ، تمام قانونی امکانات سے استفادہ کرنے کا عزم
سورت : کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو اس وقت شدید جھٹکا لگا جب سورت کی سیشن عدالت نے جمعرات کو مودی سرنام ہتک عزت کیس میں ان کی عرضی کو خارج کر دیا۔سیشن کورٹ کے فیصلے کے بعد راہول کے پاس اب گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اختیار ہے ۔مودی کے سرنام کے بارے میں کانگریس لیڈر پر ان کے تبصرے کے بعد ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس پر سورت کی ایک نچلی عدالت نے 23 مارچ کو انہیں مجرم قرار دیتے ہوئے دو سال کی سزا سنائی تھی۔راہول کیرالہ کی وایناڈ سیٹ سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ تھے ۔ نچلی عدالت کے فیصلے کے بعد ان کی پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کر دی گئی۔ 3 اپریل کو ان کے خلاف فیصلہ آنے کے دن ہی راہول کو سورت کی سیشن کورٹ نے ضمانت دے دی تھی۔ اس کے بعد اس نے اپنی سزا اور سزا پر روک لگانے کے لیے دو درخواستیں دائر کی تھیں جنہیں آج عدالت نے خارج کر دیا۔سیشن کورٹ سے جھٹکے کا سامنا کرنے کے بعدراہول کے پاس اب گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا آپشن ہے ۔واضح رہے کہ بی جے پی کے گجرات سے ایم ایل اے پرنیش مودی نے راہول کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔سورت کی عدالت سے راہول کو راحت نہ ملنے کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر اور کانگریس جنرل سکریٹری انچارج کمیونیکیشن جے رام رمیش نے کہا کہ ہم قانون کے تحت ہمارے پاس دستیاب تمام آپشنز کا استعمال جاری رکھیں گے۔اس سے پہلے سورت کی نچلی عدالت نے بھی اس معاملے میں راہول کو دو سال کی سزا سنائی تھی۔ اگر سورت کی عدالت قصوروار قرار دیئے جانے اور سزا کے فیصلے پر روک لگا دیتی توراہول کی لوک سبھا کی رکنیت بحال ہو سکتی تھی۔ لیکن سورت کی عدالت نے نچلی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ اس لی راہول کی پریشانی اور بھی بڑھ سکتی ہے۔راہول کو مجسٹریٹ کورٹ نے 23 مارچ کو مجرم قرار دیا تھا۔ اس کے بعد انہیں 24 مارچ کو پارلیمنٹ سے نااہل قرار دے دیا گیا۔ایڈیشنل سیشن جج آر پی موگیرا کی عدالت نے راہول گاندھی کی درخواست پر فیصلہ گزشتہ سماعت کے دوران جمعرات 20 اپریل تک محفوظ رکھا تھا۔ مجرمانہ ہتک عزت کیس میں دو سال قید کی سزا سنانے والے ٹرائل کورٹ کے حکم کے خلاف راہل کی اپیل پر فیصلہ محفوظ رکھا گیا تھا۔
راہول نے اڈانی کے تعلق سے
وزیراعظم نریندرمودی پر پھر کی تنقید
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر ایک بار پھر حملہ کیا اور کہا کہ انہوں نے آسمان سے لے کر زمین اور سمندر تک سب کچھ اڈانی کے حوالے کر دیا ہے ۔راہول نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کے ہوائی اڈے ، بندرگاہیں، پاور سیکٹر، کوئلہ، سڑکیں، کانیں، سب کچھ اڈانی گروپ کے حوالے کر دیا ہے ۔راہولنے جمعرات کو ٹویٹ کیا ‘‘ ہوائی اڈہ سیٹھ کا، بندرگاہ سیٹھ کی، بجلی سیٹھ کی، کوئلہ سیٹھ کا، سڑکیں سیٹھ کی، کانیں سیٹھ کی، زمین سیٹھ کی، آسمان سیٹھ کا، سیٹھ کس کا؟ سیٹھ ’صاحب‘ کا۔اس کے ساتھ انہوں نے ہندوستان کا ایک نقشہ بھی پوسٹ کیا ہے جس کے پس منظر میں مودی اور اڈانی ہاتھ جوڑ کر کھڑے ہیں اور اڈانی گروپ کا کاروبار ملک میں کہاں کہاں ہے ، اسے نقشے میں دکھایا گیا ہے ۔