پٹنہ، 31 اگست (یواین آئی) پٹنہ ضلع انتظامیہ نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کو 31 اگست کی رات گاندھی میدان میں قیام کی اجازت نہ دینے کی خبر کو مکمل طور پر گمراہ کن، جھوٹا اور حقائق سے پرے قرار دیا ہے ۔ پٹنہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (لا اینڈ آرڈر) کی طرف سے آج یہاں جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آل انڈیا نیشنل کانگریس یا کسی دوسری پارٹی یا کسی بھی شخص نے گاندھی میدان میں رات کے قیام یا کسی اور مقصد کے لیے کوئی اجازت نہیں مانگی تھی۔ اس لیے یہ دعویٰ کہ راہول گاندھی کو گاندھی میدان میں ٹھہرنے سے روکا گیا ہے بالکل بے بنیاد ہے ۔ انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ کانگریس پارٹی نے صرف دو طرح کی اجازت طلب کی تھی۔ پہلی اجازت جلسے کے انعقاد سے متعلق تھی اور دوسری ریلی نکالنے کے بارے میں تھی۔ جلسے کی اجازت ضلع انتظامیہ نے پہلے ہی دے دی تھی، جب کہ پٹنہ ہائی کورٹ کی ہدایات اور کچھ مقررہ پابندیوں کے مطابق ریلی کی اجازت دی گئی ہے ۔ ضلعی انتظامیہ نے میڈیا اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ حقائق کی تصدیق کیے بغیر فرضی خبروں پر یقین نہ کریں اور ذمہ دارانہ صحافت کے اصولوں پر عمل کریں۔ انتظامیہ نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ اگر ایسی افواہیں پھیلانے کی کوئی کوشش کی جاتی ہے تو ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے ۔