راہول کی ای ڈی کی طلبی معاملہ جموں وکشمیر میں کانگریس کا احتجاج

   

سری نگر : راہول گاندھی کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) کی طلبی کے خلاف کانگریس لیڈروں اور کارکنوں نے جمعرات کو بھی جموں و کشمیر کی دونوں دارلحکومتوں میں احتجاج درج کیا۔سری نگر میں کانگریس کارکن احتجاج کے دوران جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔احتجاج کے بعد جموں وکشمیر پردیش کانگریس کے سینئر لیڈر طارق حمید قرہ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی چونکہ حکومت کو لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے تھے لہذا اس کو خاموش کرنے کے لئے نیشنل ہرالڈ معاملہ اٹھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک کے حالات سدھارنے میں ناکام ہوئی ہے اور اب وہ ایسا کرکے لوگوں کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے لوگوں کے کئے جانے والے وعدے پورے نہیں کئے جس کے لئے لوگوں میں اس پارٹی کے خلاف غصہ پایا جا رہا ہے ۔موصوف لیڈر نے کہا کہ یہ پارٹی نفرت کی سیاست کر رہی ہے جس کے تحت لوگوں کو ایک دوسرے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے ۔