نئی دہلی : قائد اپوزیشن راہول گاندھی پیر 23 ڈسمبر کو پربھنی کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں جاریہ ماہ کے اوائل میں پیش آئے تشدد میں ہلاک ہونے والے دو افراد کے لواحقین سے ملاقات کرسکیں۔ مہاراشٹرا کے پربھنی میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کے قریب رکھے دستور کے کانچ کے ماڈل کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنائے جانے کے بعد تشدد پھوٹ پڑا تھا ۔ یہ واقعہ 10 ڈسمبر کو پیش آیا تھا ۔ کانگریس لیڈر وجئے واڈیتی وار نے راہول گاندھی کا شیڈول جاری کیا اور کہا کہ وہ سومناتھ سوریہ ونشی اور وجئے واکوڈے کے افراد خاندان سے ملاقات کریں گے ۔ یہ دونوں وہاں ہونے والے احتجاج میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ تاہم حال میں چیف منسٹر دیویندر فڑنویس نے اسمبلی میں کہا تھا کہ سوریہ ونشی نے مجسٹریٹ سے کہا تھا کہ اسے ایذا رسانی نہیں کی گئی ہے ۔