راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی 27 جنوری کو حیدرآباد کی ریالی میں شرکت

,

   

ٹیچرس ایم ایل سی نشستوں پر بائیں بازو کی تائیداور گریجویٹ نشست پر مقابلہ، نامزد عہدوں پر عنقریب تقررات

حیدرآباد۔/12جنوری، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی 27 جنوری کو حیدرآباد میں سمودھان بچاؤ راشٹریہ پدیاترا ریالی میں شرکت کریں گے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ دستور کے تحفظ کیلئے کانگریس پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں مہم چلائی جارہی ہے۔ حیدرآباد میں سمودھان بچاؤریالی کے تحت ایک ہفتہ طویل تقاریب کے تحت دونوں مرکزی قائدین 27 جنوری کو ریالی سے خطاب کریں گے۔ ابتداء میں یہ ریالی 25جنوری کو منعقد کرنے کی تجویز تھی لیکن اسے ملتوی کردیا گیا۔ دستور کو اختیار کرنے کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر ملک بھر میں پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ تلنگانہ کانگریس کمیٹی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف ایک علحدہ احتجاجی ریالی کا منصوبہ بنارہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ان کے کابینی رفقاء 15 جنوری کو نئی دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ ریونت ریڈی 27 جنوری کے پروگرام کی قومی قائدین سے منظوری حاصل کریں گے۔ اسی دوران ریاست میں ایم ایل سی کی تین نشستوں کے انتخابات کے سلسلہ میں کانگریس پارٹی نے حکمت عملی پر غور شروع کردیا ہے۔ ٹیچرس زمرہ کی 2 ایم ایل سی نشستوں پر کانگریس اپنے امیدوار کھڑا نہیں کرے گی اور بائیں بازو ٹیچرس تنظیموں کی تائید کی جائے گی۔ اس کے جواب میں گریجویٹ زمرہ کی ایک ایم ایل سی نشست کیلئے تائید حاصل کرے گی۔ توقع ہے کہ تینوں نشستوں کیلئے فروری میں چناؤ ہوں گے۔ ٹیچرس زمرہ کی نشستوں میں نلگنڈہ، کھمم، ورنگل اضلاع اور کریم نگر، نظام آباد، عادل آباد اور میدک اضلاع پر مشتمل نشستیں شامل ہیں۔ کانگریس پارٹی کریم نگر، نظام آباد، عادل آباد اور میدک گریجویٹ نشست کے چناؤ میں امیدوار کھڑا کرے گی۔ توقع ہے کہ موجودہ ایم ایل سی جیون ریڈی کو دوبارہ ٹکٹ دیا جائے گا۔ نلگنڈہ، کھمم اور ورنگل ٹیچرس ایم ایل سی نشست پر یونائٹیڈ ٹیچرس فورم کے نرسی ریڈی منتخب ہوئے تھے اور سی پی ایم نے دوبارہ ان کی امیدواری کا اعلان کیا ہے۔ پروگریسیو ٹیچرس یونین نے مہیندر ریڈی کو کریم نگر، نظام آباد، عادل آباد اور میدک نشست کیلئے امیدوار بنایا ہے۔ اس نشست پر موجودہ ایم ایل سی پی آر ٹی یو کے رگھوتم ریڈی ہیں۔ توقع ہے کہ کانگریس پارٹی دونوں حلقہ جات سے ٹیچرس تنظیموں کی تائید کرے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریاست میں نامزد عہدوں پر تقررات کیلئے جلد ہی اقدامات کئے جائیں گے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کی تشکیل جاریہ ماہ کے اختتام تک مکمل کرلی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے بارے میں ہائی کمان فیصلہ کرے گا۔1