راہول گاندھی اور منموہن سنگھ کی صحت یابی کیلئے کانگریس قائدین کی خصوصی پوجا

   

چارمینار کی بھاگیہ لکشمی مندر کو آمد، بلدی انتخابات منسوخ کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد: سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کے کورونا سے صحت یاب ہونے کیلئے کانگریس پار ٹی کی جانب سے آج تاریخی چارمینار کے دامن واقع بھاگیہ لکشمی مندر میں خصوصی پوجا کی گئی۔ اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار کے علاوہ یوتھ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری انیل کمار یادو ، یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوا سینا ریڈی ، این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ، او بی سی سیل کے صدرنشین این سریکانت کے علاوہ جگن لال نائیک ، روہت اور دیگر قائدین نے خصوصی پوجا میں شرکت کی ۔ اس موقع پر سمپت کمار نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کورونا کی صورتحال پر مرکز اور ریاستی حکومت کو کھلے مباحث کا چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتیں کورونا کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ ویکسین اور آکسیجن کی سربراہی میں تلنگانہ کے ساتھ مرکز کا رویہ جانبدارانہ ہے ۔ وزیر صحت راجندر نے خود اس بات کا اعتراف کیا کہ تلنگانہ میں آکسیجن کی قلت درپیش ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے گاندھی ہاسپٹل میں وینٹی لیٹرس کے پر ہوجانے کا دعویٰ کیا ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو دیگر سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے کی خواہش کی گئی ۔ سمپت کمار نے کہا کہ عوام موجودہ صورتحال سے پریشان ہیں لیکن حکومتوں کو سیاسی مفادات کی تکمیل کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے چند ہفتوں میں کورونا کی صورتحال کے مزید سنگین رخ اختیار کرنے کا اندیشہ ہے۔ اسی دوران پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے مجالس مقامی کے انتخابات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے الیکشن کمیشن کی تجویز کو مسترد کردیا ہے ۔ بلدی انتخابات کی صورت میں 12 لاکھ سے زائد افراد کی زندگی کو خطرہ میں ڈالنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ رائے دہی ملتوی کرنے کا اعلان کرے۔