راہول گاندھی اور ٹیم کیلئے تلنگانہ کی خصوصی ڈشیس کا انتظام

   


محمد علی شبیر کو ذمہ داری،جمعرات کی صبح سے بھارت جوڑو یاترا کا مکتھل سے آغاز
حیدرآباد۔/25اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے دوران غذا کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ راہول گاندھی کیمپ میں شامل قائدین اور کارکنوں کے علاوہ سیکوریٹی اسٹاف کیلئے تین وقت کے کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ فوڈ کمیٹی کے صدرنشین محمد علی شبیر نے آج مکتھل پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔ راہول گاندھی اور ان کی ٹیم کو تلنگانہ کی خصوصی ڈشیس فراہم کی جائیں گی اور یہ تمام ڈشیس سادہ غذاؤں کی طرح ہوں گی تاکہ یاترا بہتر انداز میں جاری رہے۔ راہول گاندھی تلنگانہ میں آرام کے وقفہ میں نئی دہلی روانہ ہوئے جہاں وہ کل 26 اکٹوبر کو اے آئی سی سی دفتر میں صدر کانگریس کی حیثیت سے ملیکارجن کھرگے کی جائزہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ کل رات حیدرآباد واپس ہوں گے اور سڑک کے راستہ یا ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مکتھل پہنچ جائیں گے۔ مکتھل میں شب بسری کے بعد 27 اکٹوبر کی صبح سے بھارت جوڑو یاترا کا آغاز ہوگا۔ محمد علی شبیر نے مکتھل کے علاوہ 27 اکٹوبر کو نارائن پیٹ، 28 اکٹوبر محبوب نگر، 29اکٹوبر جڑچرلہ، 30 اکٹوبر شاد نگر، 31 اکٹوبر شمس آباد اور یکم نومبر بوئن پلی میں قیام کے دوران غذا کی فراہمی کے انتظامات کو قطعیت دے دی ہے۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ کنیا کماری سے یاترا کے آغاز کے وقت سے 120 افراد راہول گاندھی کے ساتھ ہیں جن میں سیوا دل کے 30 کارکن اور غیر سرکاری تنظیموں کے 30 نمائندے شامل ہیں۔ سی آر پی ایف اور ایس پی جی کے تقریباً 250 جوان یاترا میں شامل ہیں۔ تلنگانہ میں یاترا کے دوران مستقل طور پر 300 کارکن شامل رہیں گے اور رات کے کھانے کا انتظام وسیع تر رہے گا۔ محمد علی شبیر کے مطابق صبح 5:30 بجے ناشتہ سربراہ کیا جائے گا۔ ر

انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو تلنگانہ کی خصوصی ڈشیس فراہم کی جائیں گی۔ راہول گاندھی اور ان کی ٹیم کے کھانے کی تیاری کیلئے ماہرین پکوان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں داخلہ کے بعد راہول گاندھی نے یاترا میں دو دن کا وقفہ دیا ہے۔ر