کھیت میں بورویل کا انتظام، راہول گاندھی عوام میں گھل مل گئے
حیدرآباد۔یکم؍ نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے بس یاترا کے دوران جڑچرلہ کے جلیلا گاؤں میں ایک غریب کسان خاندان سے ملاقات کی۔ راستہ میں استقبال کیلئے کھڑے چندریا کے افراد خاندان کو دیکھ کر راہول گاندھی ان کے قریب پہنچ گئے اور زرعی سرگرمیوں کے بارے میں دریافت کیا۔ راہول گاندھی نے ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا کے ہمراہ اس خاندان سے ہندی میں سوالات کئے جس کا ریونت ریڈی نے تلگو میں ترجمہ کیا اور تلگو جواب کو ہندی میں راہول گاندھی کو سمجھایا۔ چندریا کے خاندان نے اپنے کھیت کا مشاہدہ کرایا اورکہا کہ پانی کی عدم سربراہی کے نتیجہ میں وہ کاشت سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے زرعی اراضیات کو سیراب کرنے میں ناکامی ہوئی ہے۔ چندریا کے خاندان نے کہا کہ اگر ان کے کھیت میں بورویل کا انتظام کیا جائے تو وہ باآسانی کاشتکاری کرپائیں گے۔
راہول گاندھی نے مقامی کانگریس قائد کے نارائن ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ کسان خاندان کی مدد کریں اور انہیں کاشتکاری کے قابل بنائیں۔ ریونت ریڈی نے کھیت میں بورویل نصب کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی اور کسان خاندان نے راہول گاندھی سے اظہار تشکر کیا۔ ملاقات کے دوران ریونت ریڈی نے خواتین سے دریافت کیا کہ کیا وہ راہول گاندھی کو جانتے ہیں‘ جب خاتون سے سوال کیا گیا کہ یہ کون ہیں تو خاتون نے کہا کہ سونیا اماں کے بیٹے ہیں اور میں انہیں جانتی ہوں۔ یہ جواب سنتے ہی راہول گاندھی نے ضعیف خاتون کو گلے لگالیا۔ اس موقع پر وہاں موجود کسانوں اور خواتین میں خوشی کی انتہا نہیں رہی اور انہوں نے راہول گاندھی کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں۔ پدیاترا کے دوران راہول گاندھی نے کئی مقامات پر استقبال کرنے والے افراد میں گھل مل کر بات چیت کی۔