پہلگام حملہ‘طیارہ حادثہ اور ماں کی خرابیٔ صحت اہم وجہ‘ کارکنوں سے صرف ملاقات
نئی دہلی ۔19؍جون ( ایجنسیز )لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہول گاندھی نے 19 جون کو اپنی 55ویں سالگرہ بے حد سادگی کے ساتھ منائی۔ انھوں نے نہ ہی کیک کاٹا اور نہ ہی کسی طرح کے جشن میں شرکت کی۔ راہول گاندھی نے حال ہی میں ہوئے پہلگام دہشت گردانہ حملہ، احمد آباد میں ہوئے طیارہ حادثہ اور ماں سونیا گاندھی کے ہاسپٹل میں ہونے کے سبب کسی بھی طرح کے جشن سے دوری بنائے رکھی۔ انھوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر کارکنان و لیڈران سے ملاقات ضرور کی لیکن کیک کاٹنے سے صاف طور پر انکار کر دیا۔کانگریس پارٹی نے بھی اس موقع پر سادگی برتنے کا ہی فیصلہ کیا۔ پارٹی ہیڈکوارٹر میں ڈھول نگاڑوں کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پارٹی کا کہنا تھا کہ دور دور سے آئے کارکنان اور لیڈران راہول گاندھی سے ملاقات کرنا چاہتے تھے اس لیے صرف ملاقات کا پروگرام رکھا گیا ۔ اس دوران راہول گاندھی نے سبھی کا شکریہ ادا کیا اور ملک کے موجودہ حالات پر فکر ظاہر کی۔راہول گاندھی کے ذریعہ سادگی سے سالگرہ منائے جانے پر کانگریس ترجمان سپریا شرینیت کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے راہول گاندھی کے حساس مزاج کی تعریف کی اور کہا کہ راہول جی بے حد حساس ہیں۔ انھوں نے صرف لوگوں سے ملاقات کی اور کیک کاٹنے سے منع کر دیا۔ دوسری طرف ہمارے وزیر اعظم مودی ہیں جو غم کے اس وقت میں بھی فرانس کے صدر سے مل کر ہنستے ہوئے تصویریں شیئر کر رہے ہیںاور ٹوئٹر پر لگاتار فعال ہیں۔