پرینکا گاندھی کو امیدوار بنانے کانگریس پارٹی کا فیصلہ
حیدرآباد۔18۔جون(سیاست نیوز) راہول گاندھی جو کہ دو پارلیمانی حلقہ جات رائے بریلی اور وائیناڈ سے کامیاب ہوئے ہیں نے رائے بریلی سے اپنی رکنیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور کانگریس پارٹی اعلیٰ کمان نے راہول گاندھی کے مستعفی ہونے سے خالی ہونے والی وائیناڈ حلقہ پارلیمنٹ کی نشست سے پرینکا گاندھی کو کانگریس کا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدرآل انڈیا کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے کی قیامگاہ واقع دہلی میں منعقدہ پارٹی کے اعلیٰ قائدین کے اجلاس کے دوران کئے گئے اس فیصلہ کے بعد راہول گاندھی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دو پارلیمانی حلقہ جات رائے بریلی اور وائیناڈ کو دو ارکان پارلیمان مل رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2019 عام انتخابات میں وائیناڈ حلقہ پارلیمان کے رائے دہندوں نے انہیں زبردست کامیابی سے ہمکنار کیا تھا اور انہوں نے 5برسوں کے دوران جو محبت دی ہے وہ یادگار ہے۔ پرینکا گاندھی نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ وائیناڈ اور کیرالہ کے عوام کو راہول گاندھی کی کمی محسوس ہونے نہیں دیں گی۔ پرینکا گاندھی شخصی طور پر پہلی مرتبہ کسی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ سابق میں وہ اپنی والدہ مسز سونیا گاندھی اور بھائی راہول گاندھی کے علاو ہ پارٹی کے کئی قائدین کے لئے انتخابی مہم میں حصہ لے چکی ہیں۔ ملک کے پارلیمانی قوانین کے مطابق کسی بھی شخص کو جو ایک سے زائد نشستوں سے کامیاب ہوتا ہے تو ایسی صورت میں اسے اپنی کامیابی کے اندرون 14یوم کسی ایک پارلیمانی نشست سے مستعفی ہونا پڑتا ہے ۔ راہول گاندھی جو کہ 2019 میں امیتھی کے علاوہ وائیناڈ سے مقابلہ کرتے ہوئے وائیناڈ سے کامیاب ہوئے تھے اور اس مرتبہ اپنی والدہ کی نشست رائے بریلی اور وائیناڈ سے مقابلہ کرتے ہوئے دونوں ہی نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے اس لئے انہیں دونوں نشستوں میں کسی ایک پر برقرار رہنے کے متعلق فیصلہ میں دشواری ہورہی تھی ۔ پارٹی صدر کی قیامگاہ پر جنرل سیکریٹری پارٹی مسٹر کے سی وینوگوپال اور دیگر قائدین کے علاوہ مسز سونیا گاندھی اور مسز پرینکا گاندھی کی موجودگی میں ہوئے اجلاس کے دوران پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا کہ راہول گاندھی کو رائے بریلی سے اپنی رکنیت برقرار رکھنی چاہئے اور ساتھ ہی وائیناڈ کے رائے دہندوں کے اعتماد کو بھی برقرار رکھنا چاہئے اسی لئے پارٹی نے راہول گاندھی کی جگہ ان کی بہن پرینکا گاندھی کو ضمنی انتخابات میں وائیناڈ سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیاہے۔3