راہول گاندھی کو بم باندھ پر بیرون ملک بھیج دینا چاہئے

,

   

مہاراشٹرا کی وزیر پنکجا منڈے کا ریمارک ۔ بالاکوٹ حملوں پر ثبوت طلب کرنے پر تنقید
جالنہ 22 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کی وزیر پنکجا منڈے نے کہا کہ ایک بم کانگریس صدر راہول گاندھی کو باندھ دینا چاہئے اور انہیں کسی اور ملک کو بھیج دیا جانا چاہئے کیونکہ وہ پاکستان بالاکوٹ میں کئے گئے حملوں کا ثبوت مانگ رہے ہیں۔ پنکجا بی جے پی لیڈر آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کی دختر ہیں۔ انہوں نے بالاکوٹ حملوں پر سوال کرنے پر راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے سپاہیوں پر ہوئے بزدلانہ حملے کے بعد سرجیکل اسٹرائیک کی تھی ۔ کچھ لوگ سوال کرتے ہیں کہ سرجیکل اسٹرائیک کیا ہے اور اس کا ثبوت کیا ہے ۔ میں کہتی ہوں کہ ہمیں ایک بم راہول گاندھی کو باندھ دینا چاہئے اور انہیں کسی دوسرے ملک کو بھیج دینا چاہئے ۔ ان لوگوں کو اسی وقت سمجھ میں آئیگا ۔ پنکجا منڈے مہاراشٹرا میں خواتین و اطفال کی بہبودی کی وزیر ہیں ۔انہوں نے جالنہ پارلیمانی حلقے میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یہ ریمارک کیا ۔ واضح رہے کہ پلواما میں سی آر پی ایف قافلہ پر ایک حملہ 14 فبروری کو کیا گیا تھا جس میں سی آر پی ایف کے 40 جوان ہلاک ہوگئے تھے ۔ اس کے بعد ہندوستان نے 26 فبروری کو پاکستان کے بالاکوٹ میں سرجیکل حملے کئے تھے ۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کثیر تعداد میں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں اور اس سے جئیش محمد کا ایک بڑا تربیتی کیمپ بھی تباہ ہوگیا ہے ۔