راہول گاندھی کو تحفظ فراہم کرنے کی یادداشت

   

کانگریس وفد کی ڈی جی پی سے ملاقات‘ روٹ میاپ حوالے
پدیاترا کی اجازت دینے کی اپیل: اے ریونت ریڈی
حیدرآباد۔یکم اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس قائدین کے وفد نے ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں راہول گاندھی کی ’ بھارت جوڑو‘ یاترا کو اجازت دینے اور ساتھ ہی تحفظ فراہم کرنے کی ایک یادداشت پیش کی۔ اس وفد میں کانگریس کے سینئر قائدین وی ہنمنت راؤ، ملو بٹی وکرامارکا کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ راہول گاندھی کی ’ بھارت جوڑو‘ یاترا 24 اکٹوبر کو کرناٹک کے رائچور سے تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں داخل ہورہی ہے۔ اجازت دینے اور سیکوریٹی فراہم کرنے ہماری نمائندگی پر ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ہم نے راہول گاندھی کی پدیاترا کے روٹ میاپ کو ڈی جی پی کے حوالے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پدیاترا شمس آباد، آرام گھر، چارمینار، گاندھی بھون، مانصاحب ٹینک، بنجارہ ہلز، امیر پیٹ، بی ایچ ای ایل سے ضلع سنگاریڈی میں داخل ہوگی۔ ریونت ریڈی نے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کو کامیاب بنانے کی تلنگانہ کے عوام سے اپیل کی۔ن