سینئر قائدین کی شرکت ، آتشبازی اور مٹھائی کی تقسیم، بی جے پی کی سازش ناکام
حیدرآباد ۔4۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کے ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں آج جشن مناتے ہوئے سپریم کورٹ کی جانب سے راہول گاندھی کو دی گئی راحت پر مسرت کا اظہار کیا گیا ۔ سپریم کورٹ نے سورت کی مقامی عدالت کی جانب سے راہول گاندھی کو دی گئی سزا پر حکم التواء جاری کیا ہے جس کے ذریعہ راہول گاندھی کے دوبارہ رکن پارلیمنٹ کے طور پر ایوان میں واپسی کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی اطلاع ملتے ہی گاندھی بھون میں پارٹی قائدین اور کارکنوں میں جشن کا اہتمام کیا۔ آتشبازی اور بیانڈ باجے کے ساتھ قائدین اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے ، اے آئی سی سی انچارج روہت چودھری ، منصور علی خاں ، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، ورکر پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ ، انجن کمار یادو ، محمد اظہرالدین ، محمد علی شبیر ، وی ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا ، ملو روی ، انیل کمار یادو ، روہن ریڈی ، سمیر ولی اللہ اور دیگر قائدین نے جشن میں حصہ لیتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ کانگریس کی محاذی تنظیموں کی جانب سے بھی سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے جشن منایا گیا ۔ گاندھی بھون میں زبردست آتشبازی کی گئی۔ اس موقع پر مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے راہول گاندھی کے خلاف بی جے پی کی سازش ناکام ہوچکی ہے ۔ بی جے پی ہرگز نہیں چاہتی تھی کہ راہول گاندھی لوک سبھا میں مودی حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ دراصل جمہوریت کی جیت ہے۔ راہول گاندھی عوام کی بھلائی کے لئے کام کرنے والی شخصیت ہے اور نفرت کے خاتمہ کیلئے انہوں نے بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کیا تھا ۔ مانک راؤ ٹھاکرے اور ریونت ریڈی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ دراصل نفرت کے خلاف محبت کی جیت ہے۔ راہول گاندھی کو مقامی عدالت کے فیصلہ کی آڑ میں 8 سال تک انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کی سازش کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے عوام کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے بی جے پی کی سازش کو ناکام بنادیا۔ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے کرناٹک میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے کانگریس کارکنوں میں نیا حوصلہ پیدا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے یہ ثابت ہوگیا کہ بی جے پی حکومت نے عدلیہ کے ذریعہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا کی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر ملک بھر میں عوام جشن منارہے ہیں۔
