راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: ریونت ریڈی

   

انتخابات میں حصہ لینے کی عمر 21 سال کرنے کی تجویز، آنجہانی راجیو گاندھی کی جینتی ، کانگریس قائدین کا خراج

حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور سکریٹریٹ کے قریب واقع مجسمہ راجیو گاندھی پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزراء سرینواس ریڈی ، پونم پربھاکر ، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر ، رکن کونسل مہیندر ریڈی ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، سابق رکن لوک سبھا انجن کمار یادو ، صدرنشین تلنگانہ بی سی کمیشن جی نرنجن ، صدرنشین اقامتی اسکول سوسائٹی فہیم قریشی اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کے لئے راجیو گاندھی ایک عظیم تحریک ہیں۔ انہوں نے ملک کی سالمیت کیلئے اپنی جان قربان کردی۔ راجیو گاندھی نے شفاف حکمرانی کیلئے ٹکنالوجی کو مربوط کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ ا 18 سال مکمل کرنے والے نوجوانوں کو راجیو گاندھی نے ووٹ کا حق فراہم کیا اور ملک کے مستقبل کے تعین میں نوجوانوں کو شامل کیا۔ مجالس مقامی میں خواتین کو تحفظات فراہم کرنے والی شخصیت راجیو گاندھی کی تھی۔ ملک میں کمپیوٹر کو متعارف کرتے ہوئے انفارمیشن ٹکنالوجی کے دور کا انہوں نے آغاز کیا تھا۔ ٹیلی کام کے شعبہ میں انہوں نے انقلابی تبدیلیاں لائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راجیو اندھی کی تحریک پر حیدرآباد میں ہائی ٹیک سٹی کی بنیاد رکھی گئی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راجیو گاندھی کی تحریک پر تلنگانہ کو معاشی اور سماجی طور پر ترقی دینے کی مساعی کی جارہی ہے ۔ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے علاوہ ایس سی زمرہ بندی کے حق میں فیصلہ کیا گیا تاکہ سماجی انصاف کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ راجیو گاندھی کو اپنا آئیڈیل بنائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راجیو گاندھی نے 18 سال کی عمر میں ووٹ کا حق فراہم کیا جبکہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے عمر کی حد 25 سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کرنے کے بعد قانونی ترمیم کے ذریعہ 21 سال کی عمر میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کی سہولت دی جائے گی۔ نوجوانوں کو ملک کی سیاست میں حصہ لیتے ہوئے مستقبل کے فیصلے کرنے چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راہول گاندھی کو وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کرنے تک کانگریس قائدین چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ملک کے مختلف شعبہ جات میں اصلاحات آنجہانی وزیراعظم کا کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے حق کے لئے عمر کی حد کو 21 سے گھٹاکر 18 سال کیا گیا۔ راجیو گاندھی دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے ملک میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے نئے انقلاب کی بنیاد رکھی ۔ صدر پردیش کانگریس نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔1