گاندھی بھون میں سینئر قائدین کی شرکت، بی جے پی کے خلاف ریاستی سطح پر احتجاج کا اعلان
حیدرآباد۔/26 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کرنے کے خلاف پردیش کانگریس کمیٹی نے آج گاندھی بھون میں ایک روزہ احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تلنگانہ کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی نگرانی میں منعقدہ اس احتجاجی پروگرام میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے تمام سینئر قائدین نے شرکت کرتے ہوئے ہائی کمان سے اپنی وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔ اے آئی سی سی کے سکریٹریز ندیم جاوید، سمپت کمار کے علاوہ سابق صدور پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، پونالہ لکشمیا، ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سابق اپوزیشن لیڈرس کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، رکن اسمبلی سیتکا، مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ، حیدرآباد ضلع کانگریس کے صدر سمیر ولی اللہ، خیریت آباد ڈسٹرکٹ کے صدر روہن ریڈی، ڈاکٹر جی چنا ریڈی، انجن کمار یادو، انیل کمار یادو، سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری کے علاوہ پارٹی کے اہم قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف ریاست گیر سطح پر مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور اڈانی کے رشتوں کو بے نقاب کرنے پر راہول گاندھی کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ پارلیمنٹ میں انہیں تقریر سے روکنے کیلئے سورت کی مقامی عدالت کے فیصلہ کا سہارا لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے 7 فروری کو لوک سبھا میں اڈانی کے بارے میں جو سوالات کئے تھے ان سے وزیر اعظم خوفزدہ ہیں۔ بی جے پی کی ڈبل انجن سرکار کا مطلب اڈانی اور مودی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی جے پی کو سبق سکھائیں گے اور ملک میں آئندہ اقتدار کانگریس کا رہے گا۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ کانگریس پارٹی راہول گاندھی کے ساتھ کھڑی ہے۔ راہول گاندھی کو برطرف کرتے ہوئے بی جے پی نے عوام کو جگادیا ہے۔ وقت آچکا ہے کہ کانگریس کارکن اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے وزیر اعظم کے عہدہ کے موقع کو بھی قبول نہیں کیا تھا اور وہ عوام کی خدمت کیلئے وقف ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی معاملات کو بے نقاب کرنے پر کارروائی افسوسناک ہے۔ اندرا گاندھی کو لوک سبھا کی رکنیت ختم کرنے کے بعد کانگریس کو عوامی تائید حاصل ہوئی تھی اسی طرح اب عوام کانگریس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔ر