کانگریس قائدین کی ویڈیو کانفرنس، آر سی کنتیا اور اتم کمار ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔/16 جون، ( سیاست نیوز) صدر پردیش اتم کمار ریڈی نے پارٹی قائدین اور کیڈر کو ہدایت دی ہے کہ 19 جون کو کانگریس کے قائد راہول گاندھی کی سالگرہ کا بڑے پیمانے پر اہتمام کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ راہول گاندھی کی سالگرہ کے دن کسی تقریب کے انعقاد، کیک کاٹنے اور دیگر پروگراموں کے بجائے غریبوں کی مدد کی جائے۔ اتم کمار ریڈی نے آج سوشیل میڈیا کے ذریعہ پارٹی قائدین سے خطاب کیا اور ریاست میں کورونا کی صورتحال اور دیگر عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں میں ضروری اشیاء اور مریضوں میں پھلوں کی تقسیم کا کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ ۔19 کے حالات میں عوام کیلئے خدمات انجام دینے والوں کو تہنیت پیش کی جائے۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا کے ہمراہ اتم کمار ریڈی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلع کانگریس صدور ، اسمبلی حلقوں کے انچارج اور دیگر قائدین سے بات چیت کی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی سکریٹریز سرینواس کرشنا، بوس راجو، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، پونالہ لکشمیا، کونسل کے سابق فلور لیڈر محمد علی شبیر، اے آئی سی سی سکریٹریز ومشی چند ریڈی، سمپت کمار اور دوسروں نے حصہ لیا۔ قائدین نے فیصلہ کیا کہ راہول گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر گاؤں گاؤں میں غریبوں کیلئے کھانے کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ اتم کمار ریڈی نے فیس بک پر پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کرشنا اور گوداوری پر کانگریس دور حکومت میں تعمیر کئے گئے پراجکٹس کے معائنہ سے روکا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن سے پریشان حال گھریلو صارفین کو زائد برقی بلز جاری کئے گئے۔ ریاست میں کورونا کے کیسس میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ٹسٹوں کی تعداد انتہائی کم ہے۔
