راہول گاندھی کی سزا کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

   

مودی ہتک عزت کیس میں سورت کی عدالت کا 20 اپریل کو حکم

گاندھی نگر :سورت کی ایک سیشن عدالت نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جس میں مجسٹریٹ عدالت کے ذریعہ ان کے مودی کنیت کے تبصرہ پر ہتک عزت کے مقدمے میں ان کی سزا پر روک لگانے کی درخواست کی گئی ہے۔ سورت کی عدالت 20 اپریل کو فیصلہ سنائے گی۔عدالت فیصلہ کرے گی کہ آیا گاندھی کے خلاف 2019 کے ہتک عزت کے مقدمے میں سزا پر روک لگانا ہے۔ دونوں فریقین عدالت کے حکم سنانے سے پہلے اپنے دلائل پیش کریں گے۔ اس سے قبل گجرات بی جے پی کے ایم ایل اے پرنیش مودی نے منگل 11 اپریل کو عدالت میں کانگریس قائد راہول گاندھی کی جانب سے اپنے مودی کنیت کے تبصرے پر ہتک عزت کے مقدمے میں سزا پر روک لگانے کی درخواست کے جواب میں اپنا اعتراض داخل کیا۔ راہول کے وکیل ایڈیشنل سیشن جج آر پی موگیرا کی عدالت میں پیش ہوئے اور کانگریس کے سابق صدر کی اپنی سزا پر روک لگانے کی درخواست پر 30 صفحات پر مشتمل اعتراض داخل کیا۔ قبل ازیں شکایت کنندہ پورنیش مودی عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور سزا پر روک لگانے کے خلاف 30 صفحات پر مشتمل تحریری عرضی جمع کرائی ہے۔ راہول کو سزا سنائے جانے کے بعد 24 مارچ کو لوک سبھا سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔