راہول گاندھی کی سیکورٹی میں خلل کی اطلاع ؟

   

نئی دہلی ۔ 12اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی کے چہارشنبہ 10اپریل کو دورہ امیٹھی کے دوران مبینہ طور پر ’’ گرین لیزر ‘‘ کئی مرتبہ اُن کے سر کو نشانہ بناتی دکھائی دی ، جو ایسا لگا کہ رائفل کا نشانہ بھی ہوسکتا ہے ۔ جس کے ساتھ ہی سیکورٹی حکام مزید چوکس ہوگئے ۔ اس کے بعد معلوم ہوا کہ پارٹی نے مرکزی وزارت داخلہ کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے اس واقعہ سے واقف کرایا لیکن پارٹی ذرائع نے آج تردید کی کہ اُس نے وزیر داخلہ کو کوئی خط لکھا ہے ۔ قبل ازیں دن میں کانگریس کے لیٹر ہیڈ پر ایک مکتوب بنام وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ منظر عام پر آیا جس کا نیوز ایجنسی ’ این آئی این ‘ سے تبادلہ کیا گیا ۔ اس مکتوب میں تین سینئر کانگریس قائدین احمد پٹیل ، جئے رام رمیش اور رندیپ سنگھ سرجے والا نے لکھا کہ راہول گاندھی لوک سبھا چناؤ کیلئے امیٹھی میں اپنی نامزدگی داخل کررہے تھے کہ لیزر کی روشنی مختصر وقت میں کم از کم 7 بار وقفہ وقفہ سے اُن کے سر کو نشانہ بناتی رہی ، لیکن نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق سرجے والا نے اس طرح کا کوئی خط لکھنے کی تردید کی اور کہا کہ پارٹی نے راہول گاندھی کی سیکورٹی میں نقص سے متعلق وزیر داخلہ کو کوئی مکتوب نہیں لکھا ہے ۔ بتایا گیا کہ مکتوب میں کاگریس قائدین نے سیکورٹی میں خلل کیلئے یو پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔