حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کی قومی قیادت کانگریس کی اعلیٰ قیادت سے کیرالا میں راہول گاندھی کے حلقہ انتخاب وائیناڈ کو چھوڑنے کی اپیل کرسکتی ہے۔ کیرالا میں برسر اقتدار لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ میں شامل سی پی آئی کو کیرالا میں 4 لوک سبھا نشستیں الاٹ کی گئیں جن میں راہول گاندھی کی نشست وائیناڈ بھی شامل ہے۔ انڈیا اتحاد سے انتخابی مفاہمت کیلئے سی پی آئی نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ قومی جنرل سکریٹری ڈی راجا نے بتایا کہ قومی کونسل اجلاس میں راہول گاندھی کی نشست پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نشستوں پر مفاہمت کے تحت سی پی آئی کو جو 4 نشستیں الاٹ کی گئیں ان میں وائیناڈ شامل ہے۔2019 میں راہول گاندھی نے وائیناڈ پر 4 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس حلقہ میں سی پی آئی دوسرے نمبر پر رہی۔2009 اور2014 میں بھی کانگریس کو اس نشست پر کامیابی ملی تھی۔ بائیں بازو جماعتوں میں نشستوں پر اتحاد کے بعد سی پی آئی قومی قیادت وائیناڈ نشست کے بارے میں الجھن کا شکار ہے۔ کوشش کی جارہی ہے کہ وائیناڈ کے بجائے سی پی آئی کو کوئی اور نشست الاٹ کی جائے۔1