کے ٹی آر کا راہول گاندھی سے تقابل مضحکہ خیز، الیکشن کمشنر توسیع کے خواہاں: جگاریڈی
حیدرآباد۔ 2 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی اصل حریف ٹی آر ایس ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی برسر اقتدار ٹی آر ایس کا متبادل بن سکتی ہے جبکہ بی جے پی کے دعوے مضحکہ خیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو تسلیم کرنا پڑا کہ کانگریس پارٹی اصل حریف ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ عوام نے کانگریس کے اقتدار کے لیے کچھ عرصے تک بریک لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نہ صرف کمزور ہے بلکہ اس کی قیادت موزوں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے استحکام کے امکانات موہوم ہیں۔ بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی بہتر مظاہرہ کرے گی۔ جگاریڈی نے راہول گاندھی کے بارے میں ریاستی وزیر دیاکر رائو کے قابل اعتراض ریمارکس پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اور کے ٹی آر کے مقام میں کافی فرق ہے لیکن دیاکر رائو کے ٹی آر کو راہول گاندھی کی صف میں کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے وزیراعظم کے عہدے کی قربانی دی ہے۔ انہیں کے ٹی آر سے ملانا ٹھیک نہیں۔ انہوں نے دیاکر رائو کو مشورہ دیا کہ وہ کے ٹی آر کی تعریف اور ان کا بھجن جاری رکھیں لیکن چمچہ گری میں اس قدر آگے نہ بڑھ جائیں کہ راہول گاندھی پر تنقید کریں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر راہول گاندھی کے خلاف گھٹیا زبان کا استعمال ترک نہیں کیا گیا تو وہ دیاکر رائو کے خلاف اسی زبان کا استعمال کریں گے۔ جگاریڈی نے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں ٹی آر ایس حکومت اور الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن میں بدعنوانیوں کے ذریعہ ٹی آر ایس کامیابی حاصل کی ہے۔ دولت، پولیس اور شراب کے استعمال کے ذریعہ رائے دہندوں کو تائید پر مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر بلدی انتخابات میں کامیابی کے لیے عہدیداروں سے علیحدہ علیحدہ بات چیت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شراب اور رقومات تقسیم کرنے والے ٹی آر ایس قائدین کو پولیس تحفظ فراہم کررہی ہے۔ سابق میں کانگریس حکومتوں نے اقتدار کا اس طرح بے جا استعمال نہیں کیا تھا جتنا کہ ٹی آر ایس کررہی ہے۔ اپوزیشن قادین کو مقدمات کے ذرلعیہ ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمشنر ناگی ریڈی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی میعاد میں مزید 5 سال کی توسیع کے لیے ٹی آر ایس کے اشارے پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدی وارڈس کے ریزروشن کے اعلان کے بعد پرچہ نامزدگی کے ادخال می ایک ہفتے کی مہلت ہونی چاہئے۔ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی ٹی آر ایس کے ہاتھوں بک چکے ہیں۔ آئی اے ایس عہدیدار کے لیے برسر اقتدار پارٹی کی تائید کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپلٹیز کی ترقی کے بارے میں حکومت کو تفصیلات جاری کرنی چاہئے۔ انہوں نے سنگاریڈی میں پانی کی قلت کے لیے وزیر فینانس ہریش رائو کو ذمہ دار قرار دیا۔ سنگاریڈی کے عوام صاف پینے کے پانی کے بارے میں بارت چیت کررہے ہیں۔ لیکن ہریش رائو اسکولی بچوں سے حساب کے سوالات کررہے ہیں۔ انہوں نے ہریش رائو پر خانگی اسکولوں کی حوصلہ افزائی کا الزام عائد کیا۔