بنگلہ دیش کی صورتحا ل پراظہار تشویش، جی نرنجن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے راہول گاندھی کے خلاف مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کے ریمارکس کی مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر حملوں کے واقعات پر راہول گاندھی چین کے اشارہ پر خاموش ہیں۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو غیر ذمہ دارانہ بیان بازی پر بنڈی سنجے کمار کو وزارت سے برطرف کردینا چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال ہر کسی کیلئے باعث تشویش ہے۔ پڑوسی ملک کی حیثیت سے وہاں کی ابتر صورتحال کا یقینی طور پر ہندوستان پر اثر پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی صورتحال اگرچہ بنگلہ دیش کا داخلی معاملہ ہے لیکن ہندوستان پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ کانگریس پارٹی نے بنگلہ دیش میں مذہبی اقلیتوں بالخصوص ہندوؤں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شیخ حسینہ حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء کو چاہیئے کہ وہ ملک میں ہندوؤں پر حملوں کو روکنے کی مساعی کریں۔ نرنجن نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کو اس بارے میں اہم رول ادا کرنا چاہیئے۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت سے بات چیت کرتے ہوئے مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کے اقدامات کئے جائیں۔ نرنجن نے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے لہذا ہر کسی کو غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرنا چاہیئے۔ بنڈی سنجے کو خارجہ پالیسی کا کوئی علم نہیں لہذا انہیں اپنی زبان بند رکھنی چاہیئے۔ نرنجن نے سوال کیا کہ مودی حکومت نے شیخ حسینہ کو ملک میں داخلہ کی اجازت دی لیکن بنگلہ دیش میں تشدد سے متاثرہ ہندو خاندانوں کو ملک میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے سرحدی علاقوں میں بنگلہ دیش ہندو خاندانوں کیلئے ریلیف کیمپس قائم کرنے اور وہاں صورتحال میں بہتر تک بنیادی سہولتوںکی فراہمی کا مطالبہ کیا۔1