راہول گاندھی کے دورہ سے پہلے کانگریس کو مضبوط کرنے کی کوشش

   

تین پشتوں سے سیاست میں سرگرم نارائن پیٹ کے نامور خاندان سے وابستہ چٹم ابھیجئے ریڈی ، پی سی سی رکن نامزد

نارائن پیٹ /12 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مسٹر ریونت ریڈی نے نارائن پیٹ کے سابق صدر یوتھ کانگریس آنجہانی مسٹر چٹم وینکٹیشور ریڈی کے فرزند ، مسٹر چٹم ابھیجے ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے ۔ مسٹر ابھیجے ریڈی کے والد ، آنجہانی وینکٹیشور ریڈی اور دادا مسٹر چٹم نرسی ریڈی کو نارائن پیٹ میں 15 اگست 2005 ء میں نکسلائیٹ حملے میں ان دونوں باپ اور بیٹے کے منجملہ 11 گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ چٹم فیملی نارائن پیٹ اور متحدہ ضلع محبوب نگر میں ایک نامور سیاسی خاندان ہے جو پچھلے تین پشتوں سے سرگرم سیاست میں حصہ لیتے آئے ہیں ۔ شریمتی ڈی کے ارونا سابق ریاستی وزیر بھی اسی خاندان سے وابستہ ہیں اور مسٹر ابھیجے ریڈی کی پھوپی ہوتی ہیں ۔ مسٹر چٹم نرسی ریڈی اور ان کی جواں سال فرزند مسٹر چٹم وینکٹیشور ریڈی نے نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی کی تیز رفتار ترقی اور کانگریس پارٹی کو اس علاقہ میں مستحکم کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے ۔ مسٹر راہول گاندھی کے دورہ نارائن پیٹ ضلع سے پہلے ، کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے ضروری تبدیلیاں لائی جارہی ہیں۔ چنانچہ مسٹر ابھیجے ریڈی کو ان کے خاندانی پس منظر کے مطابق تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کارکن نامزد کیا گیا ہے ۔ ان کے رکن نامزد کئے جانے پر نارائن پیٹ کے کانگریس حلقوں میں مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔