میلبورن ۔ کے ایل راہول کو ٹیم انڈیا کے بہترین بیٹرس میں سے ایک مانا جاتا ہے، ان کی تکنیک دنیا میں سب سے بہترین سمجھی جاتی ہے۔ اس کے شاٹس میں الگ معیار ہے لیکن یہ باتیں اب پرانی ہو چکی ہیں۔ اب کے ایل راہول گیند پر بیٹ بھی نہیں لگا پا رہے ہیں، شاٹ کو تو چھوڑ دیں۔ یقین نہیں آتا تو آسٹریلیا اے کے خلاف ان کا آؤٹ ہونے کا طریقہ دیکھ لیں۔ کس طرح کے راہول گیند پر بیٹ لگانا بھول گئے اور ان کے اسٹمپ اڑگئے۔ آسٹریلیا اے کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 4 رنز بنانے والے راہول دوسری اننگز میں صرف10 رنز ہی بنا سکے۔ بڑی بات یہ ہے کہ دوسری اننگز میں آوٹ ہونے کا انداز ایسا تھا کہ آپ کو بھی اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آئے گا۔ کے ایل راہول کو آف اسپنر روچیشیولی نے بولڈکیا۔ اس بولر نے بہت عام گیند پھینکی تھی۔ جو درمیانی اسٹمپ سے گرکر راہول کے جسم کی طرف آئی ۔ راہول نے اس گیند کو بلے سے کھیلنے کے بجائے اپنے پیروں سے یہ گیندکھیلی اور گیند ان سے ٹکرائی اور اسٹمپ میں گھس گئی۔ راہول کی اتنی سادہ گیند پر بولڈ ہونے سے آسٹریلوی مبصرین بھی حیران رہ گئے۔ راہول خود بہت مایوس نظر آئے۔