راہو ل گاندھی کی ’ بھارت جوڑو‘ یاترا تاریخی چارمینار سے گذرے گی

   


پرانے شہر کے کئی علاقوں کا احاطہ، نئے شیڈول سے حیدرآباد میں کانگریس کے امکانات

حیدرآباد۔/2 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) راہول گاندھی کی ’ بھارت جوڑو‘ یاترا تلنگانہ میں 375 کیلو میٹر کا احاطہ کرے گی اور پارٹی نے یاترا میں پرانے شہر کو بھی شامل کیا ہے۔ راہول گاندھی کی یاترا تاریخی چارمینار سے گذرتے ہوئے پرانے شہر کے بعض علاقوں کا احاطہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون سے گذرے گی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے جو نیا شیڈول جاری کیا ہے اس کے مطابق 24 اکٹوبر کو ’ بھارت جوڑو‘ یاترا تلنگانہ میں داخل ہوگی اور پارٹی میں یاترا کا روٹ میاپ پولیس انتظامات کیلئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے حوالے کیا ہے۔ یاترا 24 اکٹوبر کو مکتھل میں داخل ہوگی۔ راہول گاندھی دیور کدرہ، محبوب نگر، جڑچرلہ، شادنگر، حیدرآباد، سنگاریڈی، جوگی پیٹ، شنکرم پیٹ اور مدنور علاقوں کا احاطہ کرتے ہوئے مہاراشٹرا میں داخل ہوں گے۔ حیدرآباد میں یاترا آرام گھر سے چارمینار پہنچے گی۔ چارمینار سے نکل کر افضل گنج، معظم جاہی مارکٹ، گاندھی بھون ، نامپلی، درگاہ یوسفین، وجئے نگر کالونی، ناگرجنا سرکل، پنجہ گٹہ، کوکٹ پلی، میاں پور، پٹن چیرو سے قومی ہائی وے پر روانہ ہوگی۔ ریونت ریڈی کے مطابق مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین نے حیدرآباد میں یاترا سے متعلق تفصیلات حاصل کی۔ بالا صاحب تھوراٹ اور دیگر قائدین نے ریونت ریڈی اور دیگر قائدین سے حیدرآباد سے گذر کر مہاراشٹرا میں داخل ہونے کے پروگرام کو قطعیت دی۔ 375 کیلو میٹر کے تحت حیدرآباد میں جن اہم علاقوںکا احاطہ کیا جائے گا اس کا آغاز شمس آباد سے ہوگا اور پرانے شہر سے گذر کر امیر پیٹ اور کوکٹ پلی سے ہوتی ہوئی یاترا میاں پور پہنچے گی۔ نئے پروگرام میں پرانے شہر کی شمولیت سے کانگریس پارٹی کو یقین ہے کہ پارٹی کے موقف میں بہتری آئے گی۔ پہلے شیڈول میں حیدرآباد کے اندرونی علاقے شامل نہیں تھے۔ر