ربادا اور راہول آئی پی ایل کے کامیاب ترین کھلاڑی

,

   

دبئی: دہلی کیپٹلز آئی پی ایل کا خطاب تو حاصل نہیں کرسکی لیکن اس کے فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے ایک سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرکے ٹورنمنٹ کے کامیاب بولر ثابت ہوئے اور پرپل کیپ اپنے نام کر لیا ہے ۔ دہلی کو گزشتہ روز کھیلے گئے فائنل میں ممبئی انڈینز کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پرپل کیپ کے لئے ربادا اور ممبئی انڈینز کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔ فائنل سے پہلے ربادا کے 29 وکٹ اور بمراہ کے 27 وکٹ تھے۔ ربادا نے پرپل کیپ تو جیت لی لیکن وہ چینائی سوپرکنگس کے ڈیون بریووکا ایک سیزن میں 32 وکٹ حاصل کرنے کا ریکارڈ نہیں توڑ سکے۔علاوہ ازیں پنجاب کے لوکیش راہول نے اورینج کیپ اپنے نام کرلی۔آئی پی ایل13 کے پلے آف میں نہ پہنچنے والی کنگز الیون پنجاب کے کپتان لوکیش راہول نے ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر اورینج کیپ جیت لی ہے۔ آئی پی ایل کا منگل کے روز اختتام ہوا اور ممبئی انڈینز نے دہلی کیپٹلز کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ خطاب جیت لیا اور اس ٹورنمنٹ میں پنجاب کے کپتان راہول نے 14 میچوں میں 670 رنز بنائے ہیں اور انہیں دہلی کے اوپنر شکھر دھون سے ہی خطرہ تھا۔ فائنل سے قبل شکھر کے 603 رنز تھے لیکن فائنل میں وہ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دھون کے آؤٹ ہوتے ہی راہول کے لئے اورینج کیپ یقینی ہوگئی۔