رجب طیب اردغان سے وزیراعظم ہالینڈ کی ملاقات

   

انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک رْٹ کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی ہے۔ترکیہ صدارتی دفتر محکمہ اطلاعات کے جاری کردہ بیان کے مطابق مذاکرات میں صدر اردغان نے آئندہ سال ترکیہ۔ہالینڈ دوستی سمجھوتے کی 100 ویں سالگرہ کی یاد دہانی کروائی اور کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دورے باہمی تعلقات کو مزید تقویت دیں گے۔مذاکرات میں سویڈن کی نیٹو رکنیت پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس بارے میں صدر اردغان نے کہا ہے کہ سویڈن نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے قانون میں تبدیلیاں کر کے درست اقدامات کئے ہیں لیکن علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم کے حامیوں نے آزادانہ شکل میں دہشت گردی کی حمایت میں مظاہرے کر کے ان تمام اقدامات پر پانی پھیر دیا ہے ۔اردغان نے وزیر اعظم رْٹ کے ساتھ سویڈن میں مسلمانوں کی کتاب مقدس ‘قرآن کریم’ پر حملوں کے بارے میں بھی بات کی۔انہوں نے کہا ہے کہ قرآن کریم پر کئے جانے والے حملوں کو آزادی اظہار کے پردے میں جائز قرار دیا جانا ناقابل قبول ہے۔ قرآن کریم کی بے حرمتی آزادی اظہار نہیں اظہار کا جرم ہے۔مذاکرات میں دونوں سربراہان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ 11 تا 12 جولائی کو لتھوانیا کے دارالحکومت ویلنیوس میں متوقع نیٹو سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کا موضوع روس۔یوکرین جنگ ہو گی۔