کراچی : ڈاکٹر مہوش شریف بچپن سے قوت سماعت کی کمی کا شکار ہیں اور اب تک 80 فیصد سے زائد سماعت کھو چکی ہیں۔ نا مساعد حالات اور معاشرتی رویوں کے باوجود یہ با ہمت ڈاکٹر فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ ڈاکٹر مہوش شریف معاشرتی رویوں اور انتہائی مشکل حالات کے باوجود فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ میں اپنی پیشہ وارانہ خدمات سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ ڈی ڈبلیو کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مہوش نے اپنی کہانی کچھ یوں سنائی،”میں نے بولان میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس میں داخلہ کے لیے دو سیٹوں پر اپلائی کیا تھا۔ ایک سیٹ خصوصی افراد کے لیے مختص تھی جبکہ ساتھ میں نے میرٹ والی سیٹ پر بھی اپلائی کیا تھا۔ اس وقت میری حیرت اورخوشی کی انتہاء تھی جب میرا نام دونوں سیٹوں کے لیے نامزد ہوا۔