لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کیسیس کی تعداد میں اضافہ، حکام کی چوکسی
حیدرآباد: سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ اور محکمہ صحت کیلئے رسول پورہ میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ تشویش کا باعث بن چکا ہے ۔ کنٹونمنٹ میں واقع سلمس میں کثیر آبادی کے سبب کورونا کیسوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور حکام اس صورتحال سے نمٹنے میں دشواریاں محسوس کر رہے ہیں ۔ عہدیداروں کے مطابق گزشتہ دو ہفتہ کے دوران رسول پورہ میں 15 پازیٹیو کیس منظر عام پر آئے اور تمام متاثرین کو ہوم کورنٹائن کیا گیا ہے۔ پولیس لائینس علاقہ میں اپریل میں پہلا کیس آیا تھا ، جب ایک ریٹائرڈ پولیس عہدیدار میں کورونا علامات پائی گئی تھیں ۔ جون کے پہلے ہفتہ تک کوئی نئے کیس منظر عام پر نہیں آئے لیکن لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی کیسوں میں اضافہ ہوگیا۔ دو ہفتوں میں 15 پازیٹیو کیسیس مختلف علاقوں میں پائے گئے ہیں۔ انچارج میڈیکل آفیسر نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے گھر گھر جاکر سروے کا منصوبہ ہے لیکن مقامی پرائمری ہیلت سنٹر کو بستی دواخانہ میں تبدیل کیا گیا ۔ لہذا دواخانہ کے حکام پر بوجھ میں اضافہ ہوگیا۔ بستی دواخانہ میں پیرا میڈیکل اسٹاف کم ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سلم علاقوں جیسے اندراماں نگر ، جگدیش نگر ، ارجن نگر اور دیگر علاقوں سے کورونا کیس سامنے آئے ہیں۔ سلم علاقوں میں کثیر آبادی و احتیاطی تدابیر میں کوتاہی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ علاقہ میں صحت و صفائی کے انتظامات کئے گئے اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔
