رشوت خوری میں انڈیا کا ایشیا میں پہلا نمبر

   

لندن : ایک تازہ ترین بین الاقوامی سروے کے مطابق ہندوستان براعظم ایشیا میں رشوت خوری کے معاملے میں 39 فیصد کے ساتھ اول نمبر پر ہے۔ عوامی خدمات تک رسائی کیلئے ذاتی تعلقات کے استعمال کرنے کے حوالے سے بھی 135 کروڑ کی آبادی والا انڈیا سرفہرست ہے۔ اس کا انکشاف عالمی سول سوسائٹی تنظیم ٹرانسپیرینسی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری کردہ بین الاقوامی سروے رپورٹ سے ہوا۔ ’گلوبل کرپشن بیرومیٹر۔ایشیا‘ کے عنوان سے شائع اس سروے کی تیاری کے دوران ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 17ممالک کے 20,000 سے زائد لوگوں سے جون اور ستمبر کے درمیان سوالات پوچھے۔ انڈیا کے بعد سب سے زیادہ رشوت خوری کمبوڈیا میں ہے جہاں 37فیصدلوگ رشوت دیتے ہیں۔ 30 فیصد کے ساتھ انڈونیشیا تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان کو اس سروے میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ کرپشن اور رشوت خوری میں کبھی برازیل نمبر ایک ملک ہوا کرتا تھا۔ برازیل بھی ہندوستان کی طرح وسیع و عریض ملک ہے۔ تاہم، اُس کی آبادی تقریباً 21.5 کروڑ ہے۔