ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا دورہ، دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ
محبوب نگر۔ رعیتو بازار کے احاطہ میں ویج اینڈ نان ویج کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے منگل کے دن محبوب نگر کی مشرقی کمان میں واقع رعیتو بازار کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ ایک ہی مقام پر مٹن ، چکن اور مچھلی کی فروخت کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ فی الوقت یہاں صرف ترکاری ہی دستیاب ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو پابند کیا کہ نان ویج اشیاء کیلئے ضروری چیزیں پانی و دیگر فراہم کیا جائے۔ ریاستی وزیر نے بعد ازاں درگاہ حضرت عبدالقادر ؒ پہنچے اور تعمیری کاموں کا مشاہدہ کیا اور کنٹراکٹرس سے تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بہتر روشنی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے معززین شہر کی موجودگی میں مزار پر چادر گل پیش کی اور دعا کی۔ بعد ازاں وہ درگاہ حضرت برہنہ بادشاہؒ پہنچے اور کمیونٹی ہال کی تعمیر کیلئے 10 لاکھ روپئے کی منظوری کا مکتوب حوالے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بنڈلہ گری اور کلاک ٹاور جنکشن کے تعمیری کاموں کا بھی معائنہ کیا اور کاموں کو بعجلت مکمل کرلینے کی ہدایت دی۔ ان کے ہمراہ میونسپل چیرمین نرسمہلو ، کمشنر بلدیہ پردیپ کمار، متعلقہ عہدیداران و عوامی نمائندے موجود تھے۔
