ایوان کا وقار بحال رکھاجانا چاہئے ۔ ارکان کو اسپیکر اوم برلا کی ہدایت
نئی دہلی 29 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی قائد اعظم خان نے آج لوک سبھا سے بی جے پی رکن رما دیوی کے خلاف جنسی تبصرہ کرنے پر معذرت خواہی کی ۔ رما دیوی گزشتہ جمعرات کو ایوان کی کارروائی چلارہی تھیں جبکہ اعظم خان نے ان کے خلاف تبصرہ کیا تھا جس پر ایوان میں شوروغل مچ گیا تھا ۔ جب لوک سبھا کا اجلاس آج شروع ہوا تو اسپیکر اوم برلا نے اعظم خان کو ایوان سے خطاب کرنے کی اجازت دی ۔ انھوں نے کہاکہ وہ مقننہ کے طریقۂ کار سے بخوبی واقف ہیں، تاہم اگر ان کے الفاظ سے کسی کو تکلیف پہنچی ہو تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ ان کے بعض الفاظ سنائی نہیں دیئے ۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی اُمور پرہلاد جوشی نے کہاکہ اعظم خان کو اپنا جملہ دہرانا چاہئے کیونکہ انھوں نے کیا کہا اس سے ایوان واقف ہوسکے ۔ اس پر صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو یہ کہنے نشست سے اُٹھ کر کھڑے ہوگئے کہ اعظم خان معذرت خواہی کرچکے ہیں اور وہ اس کی تصدیق کرسکتے ہیں۔ اکھیلیش یادو نے اناؤ عصمت ریزی واقعہ کا حوالہ بھی دیا جس میں متاثرہ خاتون کو کل حادثہ پیش آیا اور وہ دواخانہ میں شریک ہے، اس پر ایوان میں تذکرہ ہونا چاہئے اس پر برسراقتدار پارٹی کے ارکان نے بلند آہنگ احتجاج کیا۔ رما دیوی نے کہاکہ اعظم خان خواتین کے خلاف اہانت انگیز الفاظ کی ادائیگی کے عادی ہیں ۔ وہ ماضی میں ایوان کے باہر ایسے الفاظ کہہ چکے ہیں۔ اس کے بعد اسپیکر نے اعظم خان کو دوبارہ معذرت خواہی کی ہدایت دی ۔ اعظم خان نے اپنے الفاظ دہرائے اور کہاکہ دیوی ان کی بہن جیسی ہیں۔ طلاق ثلاثہ مسودہ قانون پر مباحث کے دوران بھی رما دیوی سے اعظم خان نے جو کچھ کہا وہ موضوع بحث بن گیا۔ اسپیکر نے ارکان کو ہدایت دی کہ وہ الفاظ احتیاط سے ادا کریں، ایوان کا وقار برقرار رکھیں اور ایسے واقعات کا آئندہ اعادہ نہ ہونے پائے ۔