برقی اور پانی کی موثر سربراہی، مساجد کے اطراف صفائی کے انتظامات، پرانے شہر میں محکمہ جاتی کنٹرول روم
ریاستی وزیر پونم پربھاکر کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس، عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد۔/18 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران موثر انتظامات کا فیصلہ کیا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران ریاست بھر میں ہوٹلوں اور دیگر کاروبار کو رات بھر کھلا رکھنے کی اجازت رہے گی۔ اس کے علاوہ برقی کی بلاوقفہ سربراہی، آبرسانی کے انتظامات، صحت وصفائی اور امن و ضبط کی صورتحال کے سلسلہ میں موثر انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے جو حیدرآباد کے انچارج وزیر ہیں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ رمضان المبارک کے انتظامات پر جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اہم محکمہ جات کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ محکمہ لیبر کو ہدایت دی گئی کہ رمضان المبارک میں رات بھر کاروبار جاری رکھنے کے سلسلہ میں فوری طور پر احکامات جاری کریں۔ سحر، افطار اور تراویح کے موقع پر برقی کی بلاوقفہ سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ واٹر ورکس کی جانب سے رمضان میں پانی کی موثر سربراہی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مساجد کے اطراف اور آبادیوں میں کچرے کی بروقت صفائی کے اقدامات کرے گا۔ پولیس کی جانب سے امن و ضبط کی برقراری کیلئے چوکسی برقرار رہے گی۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر، میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی، رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں، صدر اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی فہیم الدین قریشی، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال ( آئی پی ایس )، صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدرنشین بی سی کارپوریشن سریکانت گوڑ، صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری، ارکان مقننہ احمد بلعلہ، کوثر محی الدین، رحمت بیگ، جعفر حسین معراج، ریاض الحسن آفندی، میر ذوالفقار علی، ماجد حسین، محمد مبین، راج شیکھر ریڈی، چیف ایگزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ اسد اللہ، کمشنر جی ایچ ایم سی ایلم برتی، کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی، منیجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس اشوک ریڈی کے علاوہ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے محکمہ جات کو ہدایت دی کہ گذشتہ برسوں کی طرح رمضان المبارک کے دوران موثر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو صحت و صفائی اور کچرے کی نکاسی کیلئے ہدایات دی گئی ہیں۔ مساجد اور عید گاہوں کے اطراف صفائی کے انتظامات کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ برقی سربراہی کے علاوہ اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ڈیری ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے عید کے موقع پر دودھ کی سربراہی عمل میں آئے گی۔ مکہ مسجد، شاہی مسجد، عید گاہ میر عالم اور دیگر عید گاہوں میں موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ رات کے اوقات میں مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔ ساؤتھ زون کے علاقہ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں پر مشتمل کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ واٹر ورکس کی جانب سے ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی عمل میں لائی جائے گی۔ ریاستی وزیر نے واٹر ورکس کے عہدیداروں کو موبائیل ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی کی ہدایت دی۔ محکمہ برقی کے عہدیدار خصوصی ٹیموں کے ذریعہ برقی سربراہی کی نگرانی کریں گے۔ ٹریفک پولیس کو خصوصی انتظامات کی ہدایت دی گئی تاکہ ٹریفک جام کی صورتحال سے بچا جاسکے۔ ارکان مقننہ نے سڑکوں پر رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ٹریفک بہاؤ میں آسانی کی اپیل کی۔ محکمہ صحت کی جانب سے ہیلت کیمپس کے انعقاد کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ سیول سپلائیز کی جانب سے راشن شاپس پر اضافی شکر سربراہ کی جائے گی۔ تمام محکمہ جات کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے پونم پربھاکر اور محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت محکمہ جات کو درکار فنڈز جاری کرے گی تاکہ ضروری انفرااسٹرکچرکی تکمیل ہو۔1