رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ ‘ خشوع و خضوع سے اہتمام

   

نوجوانوںکو مبارک ساعتیں ضائع نہ کرنے اور عبادتوں پر توجہ کا مشورہ
حیدرآباد31مارچ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں ماہ رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کا انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا ۔ شہر کی بیشتر مساجد میں نماز جمعہ میںمصلیان اکرام کی بڑی تعداد دیکھی گئی ۔ جامع مسجد چوک میں مجلس اتحادالمسلمین کے زیر اہتمام حسب روایت قدیم بعد نماز جمعہ جلسہ یوم القرآن کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس جلسہ سے مولانا سید ظہیر الدین صوفی کے علاوہ رکن اسمبلی یاقوت پورہ جناب سید احمد پاشاہ قادری نے مخاطب کیا۔ماہ رمضان المبارک کے آغاز کے بعد سے اب دوسرے جمعہ کے موقع پر دونوں شہروں کی اہم مساجد میں مصلیوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔آئمہ اکرام و خطیب حضرات نے نماز جمعہ سے قبل خطاب میںماہ رمضان المبارک کی ساعتوں کو ضائع ہونے نہ دینے کی تاکید کی اور کہا کہ نوجوان اس ماہ مبارک کے دوران کھیل کود اور کھانوں کے بجائے عبادتوں پر توجہ دیں اور اللہ رب العزت کا شکر ادا کریں کہ اللہ نے ہمیں اپنی زندگی میں ایک مرتبہ پھر رحمتوں اور نعمتوں والا مہینہ عطا کیا ہے ۔علماء اکرام نے اس ماہ مبارک میں کثرت تلاوت کلام پاک اور ذکر و اذکار کے اہتمام کرنے اور دعاء مانگنے کی تلقین کی۔