رمضان ‘ سری رام نومی و ہنومان جینتی کے پیش نظر چوکسی

   

کمشنر پولیس سی وی آنند کا ما تحت عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ۔ موثر انتظامات کی ہدایت
حیدرآباد : /21 مارچ (سیاست نیوز) ماہ رمضان کے ساتھ سری رام نومی ، ہنومان جینتی کے پیش نظر پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے آج سٹی پولیس کے عہدیداروں بشمول پولیس کانسٹبل سے ایڈیشنل کمشنر سطح تک ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں اہم ہدایتیں جاری کی کیں ۔ سی وی آنند نے پولیس ملازمین کو کہا کہ روزداروں اور بھکتوں کی آمد و رفت آسان بنانے مذہبی مقامات کے اطراف بہتر ٹریفک انتظامات کئے جائیں اور اس کے ساتھ چوکسی بھی برقرار رکھی جائے ۔ جلوسوں کے دوران پولیس کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے مشترکہ معائینے بھی کئے جائیں ۔ انہوں نے تمام پولیس انسپکٹران کو ہدایت دی کہ 3 اہم تہواروں کے پیش نظر شہر میں لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے کڑی محنت کریں اور بالخصوص شرپسند عناصر اور سوشل میڈیا پر غلط اور بے بنیاد افواہ پھیلانے والوں پر موثر کارروائی کریں اور ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں ۔ رام نومی اور ہنومان جینتی کے پیش نظر سی وی آنند نے کہا کہ دونوں جلوسوں میں پولیس کی مستعدی ضروری ہے تاکہ ہجوم کو جلد آگے بڑھایا جائے ۔ روڈی شیٹرس و شرپسند عناصر کو متعلقہ پولیس اسٹیشن میں پابند مچلکہ کیا جائے ۔ انہوں نے تمام ملازمین کو صحت کا خاص خیال رکھنے اور بہتر غذا لینے کی ہدایت دی ہے ۔ اس اجلاس میں پولیس کمشنر کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر وکرم جیت مان ، ایڈیشنل کمشنر ٹریفک جی سدھیر بابو اور دیگر نے شرکت کی ۔ ب