رمضان المبار ک کی آمد آمد ہے، اس کے فیوض و برکات سمیٹنے کی لگن اور اس کیلئے کی جانے والی تیار ی کیساتھ ساتھ خواتین کو دیگر بہت سے اقدامات کا سوچ سوچ کر ٹینشن ہونے لگتی ہے۔ بہت سے ایسے کام ہوتے ہیں جو رمضان کی آمد سے قبل خواتین کو انجام دینے ہوتے ہیں تاکہ وہ گھریلو کام کاج کے ساتھ یکسوئی سے عبادات اور اپنے وقت کو باآسانی مینیج کرسکیں۔ یہ حقیقت ہے کہ رمضان تزکیہ نفس کا مہینہ ہے، لیکن اگر گھر صا ف ستھرا ہوگا تو رمضان کا مہینہ نہ صرف نفاست سے گزرے گا بلکہ آپ کو اپنی عبادات کا وقت صفائی ستھرائی پر نہیں لگا نا پڑے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ رمضان سے قبل ذیل میں درج کچھ کام انجام دے لیں۔ ٭ گھر کے جالے اُتروالیں ، کارپٹ جھاڑ لیں ،یا ڈرائی کلین کروالیں۔ ٭ پردے وغیرہ بدلنے کی ضرورت ہوتو ان کو بھی تبدیل کرلیں یا اچھی طرح جھاڑ لیں۔ ٭کچن کے سنک کو اچھی طرح چمکالیں۔ اس کیلئے آپ اسفنج اور سرکہ کا استعمال کرسکتی ہیں۔ ٭مائیکروویو اوون کی صفائی کیلئے اسے رگڑ کر صاف کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ ایک بائول میں لیموں کا عرق ملا کر اس کے اندر رکھ دیں اور پانچ منٹ کیلئے اسے چلادیں۔ پانی بھاپ بن کر اندر جمی چکنائی وغیرہ کو نرم کردے گا، پھر اس کو کپڑے سے صاف کرلیں۔ ٭رمضان میں چونکہ چیزیں زیادہ پکائی جاتی ہیں، اس لیے جلے ہوئے برتنوں میں گرم پانی ڈالیں اور بیکنگ سوڈیسے رگڑ کر کالک صاف کرلیں۔ ٭ ٹائلز میں پھنسی مٹی کو نکالنے کیلئے پانی میں بیکنگ سوڈا ملائیں اور اس محلول کو مٹی والی دراڑوں میں ڈال کر پرانے استعمال شدہ ٹوتھ برش سے صاف کرلیں۔ کچن کی صفائی ایک انتہائی محنت اور وقت طلب کام ہے۔ خاص طور پر یہ اس وقت بہت مشکل لگتی جب رمضان نزدیک ہو اور کاموں کی لمبی فہرست آپ کی منتظر ہو۔ ا یسے میں چولہوں پر لگے داغ، کیبنٹس اور رمضان کے دوران استعمال کیے گئے برتنوں پر موجود گریس کی بوچھاڑ، فریج کی صفائی اور اس جیسے دیگر کام خوش اسلوبی سے نمٹانا پہاڑ سر کرنے کے مترادف معلوم ہوتا ہے۔ خواتین جانتی ہیں کہ کچن کی صفائی گھر کے دیگر حصوں کی نسبت زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ صاف ستھرا اور منظم کچن ایک طرف عورت کے سلیقہ کا منہ بولتا ثبوت ہوتا ہے تو دوسری جانب اہل خانہ کی صحت مند زندگی کا ضامن بھی مانا جاتا ہے۔ اگر کچن کی صفائی منظم او ر موثر انداز میں نہ کی جائے تو مختلف سطحوں پر موجود کیمیکلز صحت کیلئے سب سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ آج کی تحریرمیں ہم خواتین کیلئے کچن کی صفائی سے متعلق کچھ ایسی مفید تجاویز پیش کرنے جارہے، جو دوران صفائی آسانی اور سود مند ثابت ہوں گی۔
فریج کو صاف کیسے رکھا جائے؟ : فریج کی نہ تو صفائی آسان ہے اور نہ ہی اسے مستقل بنیادوں پر صاف رکھنا۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کا فریج ہر وقت صاف اور منظم رہے تو فریج میں موجود ہر شیلف پر ایک پرت یا کور کا مزید اضافہ کریں اور اسے ہر ہفتے یا پندرہ دن میں تبدیل کرتی رہیں۔ یہ کور شیٹ آپ کے فریج کو گرتی یا لیک ہوتی غذائی اشیا اور ان کے داغ دھبوں سے محفوظ رکھے گی۔ دوسری جانب آپ کے فریج کی باڈی بھی باآسانی صاف اور نئی رہے گی۔
بیکنگ سوڈا ،بہترین کلینر : بیکنگ سوڈا کو مختلف طریقوںسے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ بیکنگ سوڈانہ صرف بیکنگ اور روٹی کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے بلکہ آپ اسے اپنے کچن کی صفائی کیلئے بطور کلینر بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ اس کے ذریعے چولہوں اور کچن میں استعمال ہونے والے اپلائنسز کی باآسانی صفائی کی جاسکتی ہے۔
فریج کی ناگوار بو : لیموں کا عرق اور سرکہ بہت سے ٹوٹکوں کیلئے استعمال کیا جاتا ہے لیکن کیا آپ جانتی ہیں کہ یہ دونوں اشیا فریج کی ناگوار بْو کو دور کرنے کیلئے بہترین ہوتی ہیں؟ اگر نہیں توآزما کر دیکھ لیجیے۔ ایک پرانی آئس کیوب ٹرے لیںاور اس ٹرے میں لیموں کے پیس کاٹ کر ڈال دیں، پھر ان کے اوپر سے سرکہ شامل کردیں، اب اس ٹرے کو فریج میں رکھ دیں۔ یہ ٹرے جب تک آپ کے فریج میں موجود رہے گی، اس میں بو نہیں آئے گی۔
سنک کی صفائی : عام طور پر گھروں میں اسٹین لیس اسٹیل کے سنک دیکھنے میں آتے ہیں لیکن برتنوں کی زیادہ دھلائی کے سبب یہ سنک جلد ہی پرانے اور گندے محسوس ہونے لگتے ہیں۔ سنک کی صفائی کیلئے بھی آپ بیکنگ سوڈا کام میں لا سکتی ہیں۔ آپ اسے سنک کے چاروں طرف اچھے سے ڈال کر کچھ دیر لگا چھوڑ دیں۔ اس کے بعد پرانے ٹوتھ برش کی مدد سے سنک کو رگڑیں (اسکربنگ کریں) ۔ ایسا کرنے سے آپ کا سنک چمک اُٹھے گا۔
کچن کیبنٹ کی صفائی : کچن کیبنٹس کے اوپر موجود چکنائی کی صفائی کیلیے دو کپ گرم پانی میں ڈش واشر شامل کریںاور کسی صاف تولیے یا اسفنج سے چکنائی کے داغ دھبوں کی صفائی کریں۔ دوسری جانب جو دھبے صاف نہ ہوپارہے ہوں، ان کیلئے بیکنگ سوڈا استعمال کریں۔