حیدرآباد 16 فروری(سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اسمبلی بجٹ سیشن کے بعد رمضان انتظامات پر عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران مجلسی ارکان کی جانب سے پرانے شہر کے آبرسانی اور برقی کے مسائل پر توجہ دہانی پر وینکٹ ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے رمضان انتظامات پر اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا ہے۔ حیدرآباد انچارج وزیر پونم پربھاکر نے شہر کے مسائل پر عہدیداروں سے بات کی ہے۔ وزیر نے تیقن دیا کہ رمضان میں برقی اور پانی کی موثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ پانی کی سربراہی میں کمی نہیں آئیگی۔ مجلسی رکن احمد بلعلہ نے ہوٹلوں کو رات ایک بجے تک کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد پولیس سے پرانے شہر میں سختی کی جارہی ہے۔ رات 11 بجے ہوٹلوں اور دکانات کو بند کرایا جارہا ہے جبکہ ہوٹلوں کو رات ایک بجے تک کاروبار کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائیٹ ڈیوٹی کرنے والے ملازمین کو دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ مجلسی رکن نے حیدرآباد ، سائبر آباد اور راچہ کنڈہ کمشنریٹ کے تحت رات ایک بجے تک کاروبار کی اجازت دینے کی درخواست کی ۔ 1