محکمہ لیبر سے احکام جاری ، کلکٹرس کو جائزہ اجلاس منعقد کرنے ہدایت
حیدرآباد۔/20 فروری، ( سیاست نیوز) حکومت نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران دوکانات و تجارتی اداروں کو رات بھر کھلا رکھنے اجازت دیدی ہے۔ کمشنر لیبر سنجے کمار نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں 18 فروری کو سکریٹریٹ میں جائزہ اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور محمد علی شبیر نے لیبر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو 24 گھنٹے تجارتی اداروں کو کھلا رکھنے کے احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی تھی۔ کمشنر لیبر ڈپارٹمنٹ کے احکامات کے مطابق 2 مارچ تا 31 مارچ دکانات اور تجارتی ادارے 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ دکانات اور تجارتی اداروں کے ملازمین پر ایکٹ کے مطابق تنخواہ اور اوور ٹائم ادا کیا جائے۔ 8 گھنٹے شفٹ کے بعد اوور ٹائم دیا جانا چاہیئے۔ احکامات کے مطابق تعطیلات میں کام کرنے والے ملازمین کو بااُجرت تعطیل دی جانی چاہیئے۔ احکامات کے مطابق ایک دن میں 13 گھنٹے سے زائد کام کی اجازت نہیں رہے گی۔ خاتون ملازمین کو شرائط کے تحت نائیٹ شفٹ میں ڈیوٹی کی اجازت رہے گی۔ اسی دوران محکمہ جی اے ڈی کی جانب سے تمام ضلع کلکٹرس کو میمو جاری کرکے رمضان المبارک اور عیدالفطر کے انتظامات پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات نے دونوں احکامات کی اجرائی پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے چیف سکریٹری شانتی کماری کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹرس کو رمضان المبارک کے جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی خواہش کی تھی۔ رمضان کے آغاز سے تقریباً 10 دن قبل حکومت کے احکامات کے نتیجہ میں ضلع کلٹرس کو انتظامات کو قطعیت دینے میں سہولت ہوگی۔1