رمضان پرمٹ کے بغیرعمرہ کیلئے روانگی پر 10 ہزار ریال جرمانہ

,

   

ریاض : سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ عمرے کے لیے اجازت نامے کے بغیر حرم شریف جانے والوں پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا ۔ دوسری جانب وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ سدایا کے تعاون سے اعتمرنا اور توکلنا ایپس کے نئے ایڈیشن جاری کردیئے گئے ہیں ۔ وزارت داخلہ کے عہدیدار نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا ہے کہ مسجد الحرام ، اس کے صحنوں ، مطاف اور صفا و مروہ کے درمیان سعی سمیت تمام مقامات پر کورونا وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے حد سے زیادہ ہجوم کو کنٹرول کرنے کی خاطر لگائی گئی پابندیوں کو موثر بنانے کے لئے طئے کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص رمضان المبارک کے دوران اجازت نامہ حاصل کئے بغیر عمرہ کرنے کیلئے جائے گا تو اسے10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ مسجد الحرام میں اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے کی کوشش کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا ۔ جرمانے کورونا وباء کے خاتمے کے اعلان تک برقرار رہیں گے ۔ وزارت داخلہ نے سعودیوں اور غیر ملکیوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں یا نماز کیلئے مسجد الحرام جانے کے خواہشمند ہوں وہ جانے سے قبل اجازت نامہ ضروری حاصل کرلیں ۔