رمضان کے پہلے عشرے میں ایک کروڑ زائرین کی مسجد نبویؐ میں آمد

   

ریاض :رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران تقریباً 10 ملین کے قریب زائرین کی مسجد نبویؐ میں آمد ہوئی اور ساڑھے 7 لاکھ کے قریب خوش نصیبوں نے روضہ رسولؐ پر حاضری دی۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے امور کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران مسجد نبویؐ نے مجموعی طور پر 98 لاکھ 18 ہزار 474 زائرین اور نمازیوں کا استقبال کیا۔مسجد نبویؐ میں زائرین کی اتنی بڑی تعداد کا استقبال اعلیٰ معیاری سہولیات کے ساتھ کیا گیا۔ اس دورا ن عبادت گزاروں کو متاثر کن تجربے کی فراہمی کیلئے مربوط و منظم نظام اور اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کی گئیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے کے دوران 7 لاکھ 39ہزار 702 زائرین نے روضہ رسول ؐپر سلام پیش کیا۔ گزشتہ ہفتے 26 ہزار 910 بزرگ اورمعذور افراد خصوصی خدمات سے مستفید ہوئے جب کہ رہنمائی کی خدمات سے استفادہ حاصل کرنے والے زائرین کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کرگئی۔اس دوران زائرین میں آب زمزم کی ایک لاکھ 95 ہزار 800 بوتلیں تقسیم کی گئیں اور 29 لاکھ 8 ہزار 530افطار پیکٹس روزداروں میں تقسیم کیے گئے۔