رنگاریڈی کی 143ایکر اراضی پر حکومت کے حق میں سپریم کورٹ کا فیصلہ

   

غیر مجاز قابضین کی درخواست مسترد، گرے ہاونڈز کو اراضی الاٹمنٹ کی تائید
حیدرآباد۔یکم؍ اگسٹ، ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے رنگاریڈی ضلع کے گنڈی پیٹ منڈل میں منچی ریولہ کی اراضیات کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کو راحت دی ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ غیر مجاز قبضہ کے تحت موجود ساری اراضی حکومت کی ہے اور حکومت نے اسے گرے ہاونڈز کو الاٹ کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے منچی ریولہ میں 143 ایکر اراضی پر تنازعہ ختم کرتے ہوئے حکومت کے حق میں فیصلہ سنایا۔ 1993 میں خانگی افراد نے 143 ایکر اراضی پر غیر مجاز قبضہ کیا تھا۔ اسائینڈ اراضی پر ناجائز قبضوں کے خلاف حکومت نے قابضین کو نوٹس جاری کی تھی۔ قابضین نے حکومت کی نوٹسوںکے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور ہائی کورٹ کی سنگل بنچ نے اراضی پر خانگی افراد کے دعویٰ کی تائید کی تھی۔ حکومت نے سنگل بنچ کے فیصلہ کو ڈیویژن بنچ پر چیلنج کیا تھا۔ ڈیویژن بنچ نے سنگل جج کے احکامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکومت کے حق میں فیصلہ سنایا تھا جس پر قابضین سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے۔ سپریم کورٹ نے آج غیر مجاز قابضین کی درخواستوں کو خارج کرتے ہوئے اسے سرکاری اراضی قرار دیا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ اس اراضی کے بارے میں مقامی عدالتوں اور ہائی کورٹ کو کسی بھی طرح کی مداخلتوں کا اختیار نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس کے احکامات قطعی ہیں اور اس معاملہ میں کسی مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے پولیس کے گرے ہاونڈز شعبہ کو اراضی الاٹمنٹ کے احکامات کو درست قرار دیا۔ جسٹس سوریا کانت اور جسٹس دیپانکر دتا پر مشتمل سپریم کورٹ فیصلہ سے حکومت کو راحت ملی ہے۔