رنگا ریڈی میں شجرکاری مہم ، سبیتا اندرا ریڈی کی شرکت

   

حیدرآباد: وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور تلنگانہ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے آج رنگا ریڈی ضلع کے کتور منڈل کا دورہ کرتے ہوئے شجرکاری پروگرام میں حصہ لیا۔ سدا پور اور دیگر مواضعات میں شجرکاری کی گئی ۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ایم سرینواس ریڈی ، رکن اسمبلی انجیا یادو ، رکن کونسل دامودر ریڈی ، کے نارائن ریڈی اور کمیشن کے ارکان موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل ریاست میں ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کی کارکردگی مفلوج تھی لیکن تلنگانہ ریاست میں ایس سی ، ایس ٹی کمیشن نے مسائل کی یکسوئی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کیلئے حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمام طبقات کی بھلائی کے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی صنعتوں میں ایس سی ، ایس ٹی کو 10 فیصد ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ نئی ریاست میں پہلی مرتبہ حکومت کی سرپرستی میں ایس سی ، ایس ٹی کمیشن غیر معمولی خدمات انجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے خلاف مظالم اور ہراسانی کے واقعات پر کمیشن نے انصاف فراہم کیا۔ اس موقع پر عوامی نمائندوں نے کمیشن کی کارکردگی کی ستائش کی اور شجرکاری مہم کو فروغ دینے کا مشورہ دیا۔ گرین انڈیا چیلنج کے تحت 5,000 سے زائد پودے لگائے گئے ۔