روزنامہ سیاست کو ایک اور امتیاز آج سے روزانہ ایک صفحہ انگریزی خبریں

   

حیدرآباد۔31ڈسمبر(سیاست نیوز) ادارۂ سیاست نے ہمیشہ عوام اور اپنے قارئین کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے کئی اہم فیصلہ کئے ہیں اور سال 2020 کے آغاز کے ساتھ انگریزی زبان کو حاصل ہونے والے فروغ اور مسلمانوں کے مطالبات اور ان کی آواز کو متعلقہ محکمہ اور حکومت تک پہنچانے کیلئے روزانہ ایک صفحہ انگریزی خبروں کی اشاعت کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اردو زبان میں شائع ہونے والی خبروں کو ترجمہ کے بعد مجاز عہدیداروں تک پہنچنے والی تاخیر کو دیکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ روزنامہ سیاست میں روزانہ ماسواء شنبہ و یکشنبہ ایک صفحہ انگریزی خبریں شائع کی جاتی رہیں گی ۔ ادارۂ سیاست کی پالیسی کے مطابق اردو زبان کے فروغ اور انگریزی سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ملت کے نوجوانوں کو عصری ٹکنالوجی سے واقف کروانے اور دور حاضر سے ہم آہنگ رہنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی کڑی کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یکم جنوری 2020 سے شروع کئے جانے والے ایک صفحہ انگریزی خبروں کی اشاعت کے ساتھ روزنامہ سیاست ملک میں پہلا اخبار ہوگا جو کہ اردو کے ساتھ ساتھ انگریزی داں قارئین کے لئے بھی خبریں فراہم کرے گا۔ ادارہ سیاست کی جانب سے اردو اخبارات میں عصری ٹکنالوجی کے رجحان کا آغاز کرنے کا اعزاز ہمیشہ روزنامہ سیاست کو حاصل رہا ہے ۔ ای ۔ پیپر کا آغاز ہو یا اردو اخبار کی ویب سائٹ اور اردو اخبار کی ویب سائٹ پر ہندی اور انگریزی میں خبروں کی اشاعت کا سلسلہ ہو ان سب کی شروعات دنیا بھر میں روزنامہ سیاست نے ہی سب سے پہلے کی ہے۔ اسی طرح روزنامہ سیاست کی جانب سے انگریزی زبان میں ہفت روزہ کاآغاز بھی کیا جاچکا ہے اور اب روزنامہ سیاست کے قارئین کو روزانہ اپنے اخبار میں ایک صفحہ انگریزی خبریں بھی پڑھنے کو ملیں گی جس میں عالمی ‘ قومی ‘ کھیل کود کے علاوہ تفریح و سیاسی خبریں شامل رہیں گی۔ادارہ ٔ سیاست کے ذمہ داروں کو توقع ہے کہ قارئین کی جانب سے انتظامیہ کے اس اقدام کی بھی ہمیشہ کی طرح حوصلہ افزائی کی جائے گی۔