روزنامہ سیاست کی مثالی عوامی خدمات کو سلام : اُتم کمار ریڈی

   


سیاست کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے آغاز پر دفتر پہونچ کر نیوز ایڈیٹر عامر علی خاں کو مبارکباد پیش کی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن پارلیمنٹ این اُتم کمار ریڈی نے آج دفتر روزنامہ سیاست پہونچکر نیوز ایڈیٹر عامر علی خاں سے خیر سگالی ملاقات کی اور روزنامہ سیاست کے 75 ویں سال کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ساتھ ہی سیاست ٹیلی ویژن کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا ۔ اس موقع پر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ صدر شیخ عبداللہ سہیل و دیگر موجود تھے ۔ نیوز ایڈیٹر عامر علی خاں نے اتم کمار ریڈی کو روزنامہ سیاست کی 75 سالہ تاریخ اور فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا ۔ تعلیم اور مسابقتی امتحانات میں طلبہ کی کوچنگ ، رہنمائی ، حوصلہ افزائی ، اسکالر شپس فراہمی ، رشتوں کیلئے دوبدو پروگرام ، لاوارث مسلم نعشوں کی تدفین ، اردو زبان کے فروغ ، آن لائن سرگرمیوں میں طلبہ کی رہنمائی کے علاوہ دوسرے پروگرامس پر تفصیلی روشنی ڈالی جس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ایک اردو اخبار کے 75 سال کی تکمیل بہت بڑا کارنامہ ہے ساتھ ہی روزنامہ سیاست قوم کا اثاثہ ہے جو ایک پلیٹ فارم کے ذریعہ قوم کی بہت بڑی خدمات انجام دے رہا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک میں کئی شہرت یافتہ میڈیا ہاوز ہیں مگر خبروں کی ترسیل کے ساتھ خدمات کا جذبہ صرف روزنامہ سیاست میں دیکھا گیا ۔ اس طرح کا جذبہ کسی اور میڈیا ہاوز میں دیکھنے کو نہیں ملا ۔ صحیح کہا جائے تو روزنامہ سیاست اپنی ذات میں ایک انجمن ہے ۔ جب بھی ملک میں قدرتی آفات سماوی کے واقعات پیش آتے ہیں متاثرین کو راحت فراہم کرنے میں روزنامہ سیاست پیش پیش رہا ہے ۔ روزنامہ سیاست کی خدمات کو وہ سلام کرتے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے نیوز ایڈیٹر سیاست سے ریاست اور ملک کے تازہ سیاسی صورتحال اور راہول گاندھی کی ’ بھارت جوڑو یاترا ‘ کو ملنے والی عوامی تائید پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ سیاسی مفادات کیلئے بی جے پی کی فرقہ پرستی کی مذمت کی ۔ عوامی مسائل پر بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا ۔۔ ن