نئی دہلی: محنت اور روزگار کے وزیر منسکھ مانڈویہ نے چہارشنبہ کو ریاست پر مبنی پورٹل کا آغاز کیا جس سے غیر منظم شعبے کے مزدوروں کو روزگار کے مواقع سمیت سرکاری فلاحی اسکیموں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔مانڈویہ نے یہاں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیبر وزراء اور سکریٹریوں کے ساتھ میٹنگ میں دو اہم اقدامات شروع کیے۔ ریاست پر مبنی ای۔شرم پورٹل اور ہنر مند ورکر شارٹیج انڈیکس (او ایس آئی)۔ مرکزی وزیر مملکت برائے محنت اور روزگار شوبھا کرندلاجے ، مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے محنت، سکریٹری سومیتا ڈاؤرا اور سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ مانڈویہ نے کہا کہ ہنر مند مزدوروں کی قلت کا اشاریہ محنت کی منڈی میں مانگ اور رسد کو مماثل بنانے اور روزگار پیدا کرنے میں مدد کرے گا۔ اس کے علاوہ غیر منظم کارکنوں کیلئے فلاحی پروگراموں تک بغیر کسی رکاوٹ کے رسائی کو یقینی بنانے کیلئے مائیکرو سائیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کثیر لسانی ای-شرم مائیکرو سائیٹ سہولت ایک تبدیلی کا قدم ہے جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ غیر منظم کارکنوں کو ریاستی اور مرکزی حکومت کے فلاحی پروگراموں تک بغیر کسی رکاوٹ کے رسائی حاصل ہو۔ اس سے نہ صرف مزدوروں کو بااختیار بنایا جائے گا بلکہ فلاحی خدمات کی فراہمی میں شفافیت اور کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔