چار فیصد مسلم تحفظات میں کوئی کمی نہیں‘ سکریٹریٹ مساجد کی تعمیر جاری
حیدرآباد ۔25 ۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت مسلمانوں کے 4 فیصد تحفظات پر عمل میں کوئی رکاوٹ پیدا کرنا نہیں چاہتی۔ حکومت تعلیم و روزگار میں 4 فیصد تحفظات پر عمل میں سنجیدہ ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد محمود علی نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے بعض قائدین کے بیانات منظر عام پر آرہے ہیں کہ حکومت نے مسلم تحفظات کو 4 سے گھٹاکر 3 فیصد کردیا ہے ۔ اس طرح کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض نامعلوم افراد نے حکومت کے روسٹر پوائنٹس میں چھیڑ چھاڑ کرکے تبدیلی کی ہے جس کے نتیجہ میں عوام میں بے چینی ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ روسٹر پوائنٹس میں چھیڑ چھاڑ کی جانچ کرکے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر مسلمانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود میں سنجیدہ ہیں۔ 4 فیصد مسلم تحفظات کے نتیجہ میں سینکڑوں مسلم طلبہ کو فائدہ ہوا اور کئی خاندانوں کی معیشت میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کا مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر دوران ہیں اور تلنگانہ حکومت نے تجربہ کار اور سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ تحفظات برقرار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے تحفظات میں اضافہ کی قرارداد اسمبلی میں منظور کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کی گئی ہے۔ مرکز ی حکومت نے منظوری نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں حکومت مسلم تحفظات میں اضافہ کریگی۔ محمود علی نے سکریٹریٹ کے احاطہ میں مساجد کی تعمیر کا حوالہ دیا اور کہا کہ عالیشان مساجد کی تعمیر کا کام جاری ہے اور سکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل مساجد میں عبادت کا آغاز ہوگا۔ ر