روسی توپ خانہ کیف کی طرف بڑھ رہا ہے: پنٹگان

   

واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ روسی افواج اپنے توپ خانے کو دارالحکومت کیف کی طرف منتقل کر رہی ہیں اور اس پر بمباری کی تیاری کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اندازوں کے مطابق بحیرہ اسود میں جنگی بحری جہاز مشرقی یوکرین کے شہر اوڈیسا کے اطراف میں حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔امریکی اہلکار نے یہ بھی واضح کیا کہ روسی فوجی قافلے ابھی تک کسی ٹھوس نقل و حرکت کے بغیر پھنسے ہوئے ہیں اور وہ دارالحکومت کیف سے 15 سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین کو ملنے والا نیا سامان اسے روسی افواج کا قریبی فاصلے سے مقابلہ کرنے کی سہولت دے گا جیسا کہ خارخیو، کیف اور چرنیف کے آس پاس ہوا تھا۔اس تناظر میں ایک سینیر امریکی اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ روس نے فوجی آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک یوکرینی اہداف پر ایک ہزار سے زائد میزائل داغے ہیں جو کہ ’رایٹرز‘ کے مطابق اب اپنے چوتھے ہفتے میں داخل ہو چکا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 24 فروری کو روسی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے کیف کے اتحادی یورپی ممالک اور امریکہ کی سربراہی میں بالعموم نیٹو ممالک نے یوکرین کو بہت سے دفاعی ہتھیار بھیجے ہیں۔ان میں سے بہت سے ممالک نے یوکرین کی حکومت اور بے گھر افراد کے لیے بھی مالی امداد مختص کی ہے۔اس کے علاوہ ماسکو پر ہزاروں پابندیاں عائد کی گئیں جن میں مختلف شعبوں کے ساتھ ساتھ کئی سیاست دانوں اور تاجروں پر بھی پابندیاں لگائی گئیں۔جب کہ ماسکو نے ایک سے زیادہ بار خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی ملک خطرناک ہتھیار یوکرین کو فراہم کرے گا تو روس ان ہتھیاروں کی فراہمی کو اپنے لیے جارحیت قرار دے گا۔