نیویارک:اقوام متحدہ کی ایٹمی توانائی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ روس کے زیرِ قبضہ نیوکلیئر پاور پلانٹ زیپوریڑیا کے گرد صورتحال انتہائی غیرمتوقع اور خطرناک ہو گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایٹمی توانائی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا کہ روس نواز گورنر نے قریبی شہر خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے، اسی تناظر میں ایجنسی نے بھی انتباہ جاری کیا۔ رافیل گروسی نے جاری پیغام میں کہا کہ زیپوریڑیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے اطراف میں صورتحال غیرمتوقع اور خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ نیوکلیئر پلانٹ کو درپیش سکیورٹی خطرات اور اس کے محفوظ ہونے سے متعلق بہت زیادہ فکرمند ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کسی قسم کا نیوکلیئرحادثہ ہونے سے پہلے فورا حفاظتی اقدامات اٹھانے چاہییں تاکہ آبادی اور ماحول کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال فروری 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد روسی صدر ولادیمیر پر قبضے کا بھی حکم دے دیا تھا۔ اس کے بعد سے پلانٹ کے قریب فائرنگ کا تبادلہ رہتا ہے جس کا الزام دونوں ممالک ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں۔ روس نے گزشتہ سال ستمبر میں یوکرین کے چار علاقوں پر قبضہ کر کے انہیں ضم کر لیا تھا جن میں سے ایک زیپوریڑیا کا علاقہ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے مارچ میں یورپ کے سب سے بڑے پاور پلانٹ زیپوریڑیا کے دورے کے دوران مخالف جماعتوں کے درمیان معاہدے پر زور دیا تھا تاکہ نیوکلیئرپلانٹ کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔