ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوٹن چھٹی مرتبہ بھی روس کے صدارتی منصب کے لیے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق روسی صدر کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سال (2024ء ) میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے میدان میں اتریں گے۔ آئندہ برس ہونے والے الیکشن میں جیتنے کی صورت میں ولادیمیر پوٹن مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ صدارت کے عہدے پر براجمان ہوں گے۔ پوٹن کے موجودہ عہدے کی مدت 2012ء سے مسلسل 2 مرتبہ (6، 6 سال کی مدت کے لیے) 2024ء میں مکمل ہو گی۔سب سے پہلے وہ 2000ء سے 2008ء تک روس کے صدر رہے۔ روسی آئین کے مطابق کوئی بھی شخص مسلسل دوسری بار صدر نہیں بن سکتا البتہ اگر ایک سے دوسری مدت کے درمیان وقفہ آ جائے تو پھر صدر بن سکتا ہے۔ آئینی شق کا استعمال کرتے ہوئے ولادیمیر پوٹن 2008ء میں صدارتی مدت پوری ہونے کے بعد اگلے 4 سال کے لیے روس کے وزیر اعظم بنے۔ 2012 تک اس عہدے پر براجمان رہے جس کے بعد وہ ایک بار پھر روس کے صدر بن گئے۔ 2012ء میں صدر بنتے ہی پوٹن نے آئین تبدیل کرکے صدر کے عہدے کی مدت 12 سال کردی، جو 6، 6 سال کے 2 حصوں پر مشتمل ہے۔ یہ مدت اب 2024ء میں مکمل ہورہی ہے۔ اگر صدر پوٹن آئندہ برس بھی روس کے صدر بنتے ہیں تو وہ کم سے کم 2030ء اور زیادہ سے زیادہ 2036ء تک صدر رہ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ولادیمیرپوٹن 1999ء سے روس کے مسلسل وزیراعظم اور صدر ہی رہے ہیں۔