نئی دہلی، 7 نومبر (یو این آئی) روسی فوج میں 44 ہندوستانی شہری اب بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، اور حکومت ان کی جلد رہائی کو یقینی بنانے اور اس طرح کی بھرتیوں کو روکنے کیلئے مختلف سطحوں پر روس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کے روز یہاں ہفتہ وار بریفنگ میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا، “ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ہندوستانی شہریوں کو روسی فوج میں بھرتی کیا گیا ہے ۔ معلومات کے مطابق، 44 ہندوستانی شہری اس وقت روسی فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں”۔ انہوں نے کہا، “حکومت ان کی رہائی کیلئے روس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اس طرح کی بھرتیوں کو روکنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے ۔” انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ان افراد کے اہل خانہ سے بھی رابطے میں ہے ۔ ترجمان نے کہا، “ہم روسی فریق کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ہم نے یہاں روسی سفارت خانے اور روسی حکومت سے بھی بات کی ہے ۔ ہم ان افراد کے اہل خانہ سے بھی رابطے میں ہیں اور انہیں معاملے میں پیش رفت سے آگاہ کر رہے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اس سے قبل لوگوں کو ایسی بھرتیوں اور ان کے خطرات سے متنبہ کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سب کو یہ پیغام دینا چاہیں گے کہ روسی فوج میں خدمات انجام دینے کی کسی بھی پیشکش سے دور رہیں کیونکہ یہ جان لیوا پیشکش ہوسکتی ہے ۔