کیف ۔ یوکرین کے علاقہ اوڈیسا میں جمعہ کو روسی میزائل حملوں میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں سے ایک رہائشی عمارت بھی شامل تھی۔ یوکرین کے فوجی حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے۔ یوکرین کی وزارت دفاع کے ایک بیان کے مطابق، میزائل سے بلہوروڈ۔ دنیسٹرووسکی قصبے میں 9 منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ اوڈیسا کی علاقائی انتظامیہ کے ترجمان سرہی براچ وک نے یوکرین کے سرکاری ٹیلی ویژن پر بتایا کہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے کے بعد ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ براچوک نے کہا کہ ایک اور میزائل نے ایک ریزورٹ کی تنصیب کو نشانہ بنایا، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔